انٹرنیشنل اور پرائیویٹ سکولوں کو کلاس کا دورانیہ کم کرنے کی اجازت
نئے سیشن کے آغاز سے دو ہفتے قبل طلبہ کو تبدیلی سے مطلع کیاجائے( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت تعلیم نے انٹرنیشنل اور پرائیویٹ سکولوں کو کلاس کا دورانیہ کم کرنے اور تعلیمی دن کی شروعات میں ردوبدل کرنے کا اختیار دیا ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت تعلیم نے پرائیویٹ اور انٹرنیشنل سکولوں کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔
وزارت نے اس حوالے سے ایک قرارداد جاری کی ہے جس کا تعلق تعلیمی دن کے دورائیے کے تعین اور سکول چارٹ سے ہے۔
اس کے تحت سکولوں کو اس بات کا اختیار دیا گیا ہے کہ تعلیمی دن اب تک منظور شدہ نظام میں ترمیم کرکے آدھا گھنٹہ قبل اورآدھا گھنٹہ بعد میں شروع کرسکتے ہیں۔
وزارت تعلیم نے سکولوں کو پیریڈ کا وقت متعین کرنے کے سلسلے میں صوابدیدی اختیار دیا ہے۔ کوئی بھی سکول کم از کم 35 منٹ پر مشتمل پیریڈ متعین کرسکتا ہے۔ یہ سہولت پرائمری اور مڈل سکولوں کی کلاسوں کے لیے ہے۔ ثانوی سکول میں پیریڈ کا دورانیہ کم از کم چالیس منٹ رکھنا ہوگا۔
وزارت تعلیم نے سکولوں کو ہدایت کی ہے کہ ’وہ نئے تعلیمی سال کے آغاز میں اندراج کے وقت یا نئے سیشن کے آغاز سے دو ہفتے قبل طلبہ کو تبدیلی سے مطلع کریں‘۔