انٹرنیشنل سکولوں کے لائسنس اب وزارت تعلیم جاری کرے گی
انٹرنیشنل سکولوں کے لائسنس اب وزارت تعلیم جاری کرے گی
منگل 14 جولائی 2020 6:31
مملکت میں انٹرنیشنل اور غیرملکی سکولوں کی تعداد 1942 ہے (فوٹو: سبق)
سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب میں انٹرنیشنل اور غیرملکی سکولوں اور کالجوں کے لائسنس صرف وزارت تعلیم جاری کرے گی۔ آئندہ یہ کام مختلف صوبوں میں تعلیم کے محکمے نہیں کریں گے۔ وزارت نے سرمایہ کاروں کی آسانی کے لیے انٹرنیشنل اور غیرملکی سکولوں کا بڑا ادارہ وزارت کے تحت قائم کر دیا ہے‘۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر تعلیم نے غیرملکی اور نجی سکولوں میں انویسٹمنٹ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’وزارت تعلیم کے ماتحت نئے ادارے کے قیام سے سکول قائم کرنے والوں کو سہولت ہوگی۔ سکولوں میں مختلف قسم کے انٹرنیشنل ایجوکیشن کورسز متعارف کرائے جا سکیں گے‘۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سپیشل ٹریننگ سکول قائم ہوں۔ سرمایہ کار آئیں اور اس میدان میں پیسہ لگائیں۔
آل الشیخ نے اس موقع پر نجی، غیرملکی اور انٹرنیشنل سکول قائم کرنے والے سرمایہ کاروں سے طویل سیشن کیا اور مختلف سوالات کے جواب دیے۔ سرمایہ کاروں کے تجربات، تصورات اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی عرب میں انٹرنیشنل اور غیرملکی تعلیم کے ادارے کو درپیش چیلنجوں پر ایک مقالہ مشیر تعلیم حنان آل سلطان نے پیش کیا- انہوں نے بتایا کہ وزارت تعلیم مملکت میں انٹرنیشنل اور غیرملکی تعلیم کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور سہولتیں فراہم کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
ڈاکٹر ریم الترکی نے بتایا کہ وزارت سرمایہ کاری، وزارت تعلیم کے تعاون سے سکولوں میں غیرملکی سرمایہ کاروں کے مسائل حل کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں انٹرنیشنل اور غیرملکی سکولوں کی تعداد 1942 ہے جن میں 2 لاکھ 75 ہزار 756 طلبہ زیرتعلیم ہیں۔
وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ انٹرنیشنل اور غیرملکی سکول ریاض، مشرقی ریجن اور جدہ کمشنری میں ہیں۔ ان میں اساتذہ کی تعداد 20644 اور دفتری کارکنان کی تعداد 2863 ہے۔