Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ بھاگ ملکھا بھاگ کا سین نہیں،‘علی زیدی کی دیوار پھلانگنے کی ویڈیو وائرل

علی زیدی کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ (فوٹو: سکرین شاٹ)
سوشل میڈیا پر گذشتہ روز سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں انہیں دیوار پھلانگ کر بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
کراچی پولیس کے مطابق یہ واقعہ شہر میں بلدیاتی انتخابات کے بعد 18 جنوری کا ہے جب پی ٹی آئی کے کارکنان اور رہنما علی زیدی نے ضلع کیماڑی میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر پر ’حملہ‘ کیا تھا۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں پہلے سابق وفاقی وزیر علی زیدی کو ایک کھڑکی سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس کے بعد کارکنان نے انہیں ہاتھوں کا سہارا دے کر دیوار پر چڑھایا اور پھر وہ وہاں سے گلی میں کود کر نکل گئے۔
علی زیدی اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے خلاف مقدمہ کراچی کے سائٹ اے تھانے میں درج کیا گیا ہے اور متن کے مطابق ایف آئی آر میں دہشتگردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
اس سی سی ٹی وی ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد علی زیدی یا ان کی جماعت کی جانب سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم 18 جنوری کو پی ٹی آئی کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ علی زیدی اور کارکنان پر کیماڑی میں حملہ ہوا ہے۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین کی جانب سے یہ ویڈیو شیئر کی گئی اور پی ٹی آئی رہنما علی زیدی پر تنقید بھی کی گئی۔
اویس سلیم نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ڈی سی کیماڑی کے دفتر پر حملے کے بعد جب ڈسٹرکٹ کیماڑی کی پولیس پہنچی تو علی زیدی کی دیوار پھلانگ کر فرار ہونے کی خوبصورت ویڈیو۔‘
رب نواز بلوچ نے لکھا کہ ’یہ فلم بھاگ ملکھا بھاگ کا سین نہیں ہے۔ بلکہ سابق وزیر علی زیدی ڈپٹی کمشنر کیماڑی کے آفس پر حملے کے بعد پچھلے دروازے سے دیوار پھلانگ کر بھاگ رہے ہیں۔‘

خیال رہے کراچی، حیدرآباد اور سندھ کے دیگر شہروں میں بلدیاتی اتخابات رواں مہینے کی 15 تاریخ کو ہوئے تھے جہاں کچھ مقامات پر سیاسی جماعتوں کے کارکنان میں تصادم بھی دیکھنے میں آیا تھا۔

شیئر: