ریاض میں گلوبل میڈیکل بائیو ٹیکنالوجی 2023 سیمینار کا آغاز
ریاض میں گلوبل میڈیکل بائیو ٹیکنالوجی 2023 سیمینار کا آغاز
جمعرات 26 جنوری 2023 18:02
آنے والی دہائیوں میں میڈیکل بائیو ٹیکنالوجی کا شعبہ تیزی سے ترقی کرے گا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی وزیر برائے نیشنل گارڈ شہزادہ عبداللہ بن بندر نے ریاض میں گزشتہ روز بدھ کو دو روزہ گلوبل میڈیکل بائیو ٹیکنالوجی کانفرنس 2023 کا باضابطہ افتتاح کیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سیمینار کے افتتاحی دن مختلف موضوعات کا احاطہ کیا گیا جن میں جینیاتی تھراپی، متعدی امراض کی ویکسین، کینسر ویکسین، جینیات اور خاص بیماریوں کے لیے درست ادویات اور کلینیکل ٹرائلز شامل تھے۔
وزارت برائے نیشنل گارڈ ہیلتھ افیئرز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بندر الکناوی نے عالمی اجلاس کو طبی بائیو ٹیکنالوجی کے لیے سنگ میل قرار دیا جو صحت کے شعبے کے مستقبل کی نمائندگی کرتی ہے۔
ڈاکٹر بندر الکناوی نے کہا ہے کہ اس سیمینار کے ذریعے وہ سعودی بائیوٹیک ہیلتھ انڈسٹری کی ترقی چاہتے ہیں جو دنیا بھر کے صنعت کاروں کے درمیان علم کے تبادلے کے ذریعے تعمیر کی گئی ہے۔
سعودی بائیوٹیک ہیلتھ انڈسٹری اس شعبے میں ایک علمبردار کے طور پر مملکت کی پوزیشن کو مستحکم کرتی ہے اور جدت پسندوں کو ان کے خیالات پیش کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔
اس موقع پر سعودی سرمایہ کاری کے وزیر خالد الفالح نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آنے والی دہائیوں میں میڈیکل بائیو ٹیکنالوجی کا شعبہ زیادہ تیزی سے ترقی کرے گا اور یہ ایک ایسا عمل ہے جس کا آغاز ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل بائیو ٹیکنالوجی کانفرنس کے دوران طے پانے والی شراکت داری اور معاہدے ملازمتوں کی تخلیق اور اس شعبے کی ترقی میں معاون ثابت ہوں گے اور قومی معیشت کو فروغ دینے میں مدد کریں گے۔
وزیر صنعت بندر الخریف نے کہا ہے کہ مملکت میں تجربے، مہارت اور ہنر میں ترقی کے نئے شعبوں کو تلاش کرنے کی خواہشمند نوجوان نسل کے لیے اس شعبے میں بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بایوٹیک انڈسٹری میں خاص طور پر بہت ساری تخلیقی صلاحیتیں اور تحقیق شامل ہے اور سعودی عرب اس سے فائدہ اٹھانے اور تیزی سے ترقی کرنے میں مدد کرنے کے لیے اچھی طرح سے تیار ہے۔
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے سی ای او ڈاکٹر ہشام الجضعی نے اس موقع پر وضاحت کی کہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ مینا ریجن میں سعودی عرب ادویات کا سب سے بڑا صارف ہے۔
یہ سربراہی اجلاس جو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں منعقد ہوتا ہے اس کا اہتمام وزارت برائے نیشنل گارڈ ہیلتھ نے وزارت سرمایہ کاری کے تعاون سے کیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں