Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی جانب سے فلسطین میں عسکری کارروائی کی مذمت

اسرائیل کی نئی جارحیت جنین شہر پرحملے کی صورت میں سامنے آئی، الحجرف(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب نے برادرملک فلسطین میں جنین شہراورکیمپ میں اسرائیلی افواج کی عسکری کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کردی۔ 
سعودی خبررساں ادارے’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی دفترخارجہ نےعالمی بردری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غاصبانہ قبضہ ختم کرانے اور فلسطینیوں کے ساتھ  معرکہ آرائی بڑھانے کو روکنے کے لیے اپنا فرض ادا کرے۔ 
اسرائیل کی فوجی کارروائی کے دوران جنین شہر اور کیمپ میں کئی فلسطینی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ 
سعودی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی افواج نے جنین شہر اور کیمپ  میں جو کچھ کیا وہ بین الاقوامی قانون کی خطرناک خلاف ورزی ہے۔ سعودی عرب اسے پوری قوت سے مسترد کرتا ہے اور عالمی برادری سے فلسطینی شہریوں کو ضروری تحفظ فراہم کرنےکا مطالبہ کرتا ہے۔ 
دفتر خارجہ نے اسرائیلی فوجی کارروائی میں ہلاک ہونے والوں کے اعزہ، فلسطینی حکومت اور عوام سے  دلی رنج و ملال اور ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کی فوری شفا کی آرزو ظاہر کی۔ 
اخبار 24 کے مطابق خلیجی تعاون کونسل جی سی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نایف الحجرف نے کہا ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطینی شہروں پر اسرائیلی افواج کے مسلسل حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔  
الحجرف نے کہا کہ اسرائیل کی نئی جارحیت جنین شہر پرحملے کی صورت میں سامنے آئی ہے۔ وہاں اسرائیلی فوج نے وحشیانہ قتل عام کیا ہے۔ 
الحجرف نے کہاکہ مسئلہ فلسطین سے متعلق جی سی سی کا موقف کل بھی حمایت کا تھا اورآج بھی ہے اورآئندہ بھی رہے گا۔ عالمی برادری سے اپیل ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے خلاف مسلسل گھناؤنے جرم کو بند کرانے اور فلسطینیوں کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے کے لیے فوری مداخلت کرے۔ 
یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے جمعرات کو غرب اردن میں عسکری کارروائی کرکے دس فلسطینیوں کو ہلاک کردیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ کارروائی کے دوران مطلوبین کے ساتھ  فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ 

شیئر: