Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور میں فالج کے مریضوں کے لیے ایمرجنسی انجکشن کی مفت فراہمی

لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں پہلی بار ’پلاسمینوگن الٹی پلیس‘ انجکشن مریضوں کو لگایا جا رہا ہے (فوٹو: اے پی پی)
سردیوں میں جہاں موسمی بیماریاں پھیلتی ہیں وہیں فالج کے کیسز میں بھی اضافہ دیکھنے میں آتا ہے لیکن علاج کی مناسب سہولت نہ ہونے کی وجہ سے متاثرہ افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں یا عمر بھر کے لیے معذور ہوجاتے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں پہلی بار سرکاری ہسپتالوں میں فالج کے مریضوں کو معذوری سے بچانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں اور پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں مفت انجکشن کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

فالج کے مریض کو کون سا انجکشن لگایا جاتا ہے؟

لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں پہلی بار ’پلاسمینوگن الٹی پلیس‘ یا ٹی پی اے  نامی انجکشن مریضوں کو لگایا جا رہا ہے۔ ہسپتال کے ترجمان محمد عاصم نے اردو نیوز کو بتایا کہ یہ انجکشن اب مریضوں کے لیے مفت دستیاب ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’دو روز قبل چارسدہ سے 65 سالہ مریض ایمرجنسی میں لایا گیا تھا جسے فالج کا اٹیک ہوا تھا۔ مریض کو پہلا انجکشن لگایا گیا جس کے کچھ ہی گھنٹوں بعد اس کی حالت میں بہتری آئی۔ ‘
ترجمان کے مطابق فالج کے مریض کو تین گھنٹوں کے اندر ہسپتال لایا جائے تو یہ علاج کارآمد ہے، تاخیر کی صورت میں یہ دوا اثر نہیں کرتی۔

پروفیسر ضیاء اللہ کے مطابق ’انجکشن مہنگا ہے جس کی قیمت ایک لاکھ سے زیادہ ہے‘ (فوٹو: اے پی پی)

انجکشن کی افادیت کے حوالے سے لیڈی ریڈنگ ہسپتال نیورالوجی یونٹ کی ہیڈ ڈاکٹر عائشہ نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ’جب بھی فالج کی وجہ سے دماغ میں خون کا لوتھڑا بن جاتا ہے تو اس قسم کے فالج کا علاج اس انجیکشن سے کیا جاتا ہے مگر یہ فوراً لگانا ہوتا ہے۔ عام طور پر اس انجکشن سے مریض کچھ دنوں میں ٹھیک ہو جاتا ہے اور عمر بھر کی معذوری سے بھی بچ جاتا ہے۔‘
ایل آر ایچ شعبہ میڈیسن کے چیئرمین اسسٹنٹ پروفیسر ضیاء اللہ چمکنی مطابق بیرون ممالک اس انجکشن سے فالج کا علاج کافی عرصہ پہلے سے کیا جاتا تھا لیکن اب یہ ایل آر ایچ میں بھی دستیاب ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’یہ انجکشن مہنگا ہے جس کی قیمت ایک لاکھ سے زیادہ ہے لیکن لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں یہ سہولت مفت فراہم کی جا رہی ہے۔‘

شیئر: