’سخت اشتعال انگیز عمل‘، پاکستان کی ڈنمارک میں قرآن کی بے حرمتی کی مذمت
سویڈن اور ہالینڈ کے بعد ڈنمارک میں بھی ایک گروہ نے قرآن کی بے حرمتی کی۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان نے سویڈن کے بعد ڈنمارک میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کو ’سخت اشتعال انگیز‘ عمل قرار دیا ہے۔
سنیچر کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’اس گھٹیا حرکت کے بار بار ارتکاب سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے ذہنوں میں اس حوالے سے کوئی شبہ نہیں رہا کہ اظہار رائے کی آزادی کا غلط استعمال کرتے ہوئے مذہبی منافرت اور اشتعال انگیزی پھیلائی جا رہی ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان کے تحفظات ڈنمارک میں حکام تک پہنچا دیے گئے ہیں اور زُور دیا گیا ہے کہ پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے اسلاموفوبیا کی ایسی نفرت انگیز کارروائیوں کو روکا جائے۔‘
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سویڈن اور ہالینڈ میں بھی ایک گروہ نے قرآن کی بے حرمتی کی تھی جس کی پاکستان سمیت دنیا بھر کے اسلامی ملکوں نے شدید مذمت کی۔
جمعے کو سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں مظاہرے بھی ہوئے۔
پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے مال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ یورپ میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا پر حکومت پاکستان اپنا کردار ادا کرے۔
مظاہرین نے مختلف پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے۔