Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قرآن کی بے حرمتی پر پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے

پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں بھی مختلف تنظیموں نے مظاہرے کیے (فوٹو: ٹوئٹر، ٹی ایل پی)
سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں مظاہرے ہوئے ہیں۔
جمعے کو پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے مال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ یورپ میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا پر حکومت پاکستان اپنا کردار ادا کرے۔
مظاہرین نے مختلف پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے۔
صوبہ پنجاب کے نگراں وزیر اعلٰی محسن نقوی نے اپنے ایک بیان میں قرآن کی بے حرمتی کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ایسے واقعات صرف اور صرف اشتعال آمیز رویے کی عکاسی کرتے ہیں اور بقائے باہمی کے اصولوں کے خلاف ہیں۔‘
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں بھی مختلف تنظیموں نے مظاہرے کیے جن میں اسی طرح کے مطالبات دہرائے گئے۔
علاوہ ازیں ملک کے دیگر شہروں راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، حیدرآباد اور پشاور میں بھی مختلف تنظیموں نے نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد ریلیاں نکالیں۔
یاد رہے کہ ماضی میں بھی توہین مذہب کے واقعات کے خلاف پاکستان کی مذہبی تنظیمیں اپنے کارکنوں کو مظاہروں کے لیے نکالتی رہی ہیں۔
واضح رہے کہ سویڈن میں ایک انتہا پسند گروپ کی جانب سے قرآن کو نذر آتش کرنے اور بعد ازاں ایک تنظیم کی جانب سے نیدرلینڈز میں قرآن کے اوراق پھاڑنے کا واقعہ رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد مسلم دنیا میں ان واقعات کے خلاف غم وغصہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

شیئر: