Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین فضائیہ کے دو لڑاکا طیارے گِر کر تباہ، ایک پائلٹ ہلاک

ان دونوں طیاروں نے گوالیار ایئر فورس بیس سے اڑان بھری تھی (فوٹو: سکرین گریب)
انڈین ایئر فورس کے دو جنگی طیارے ریاست مدھیہ پردیش اور راجستھان میں گر کر تباہ ہو گئے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق سنیچر کو دو لڑاکا جہاز سخوئی ایس یو۔ 30 اور میراج 2000  تربیتی مشق کے دوران گر کر تباہ ہو گئے ہیں۔
اس حادثے میں ایک پائلٹ کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
لڑکا طیاروں میں سے ایک مدھیہ پردیش کے علاقے مورینا میں گرا جبکہ دوسرے طیارے کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ راجستھان کے علاقے بھرت پور سے لگ بھگ 100 کلومیٹر دور گر کر تباہ ہوا۔
وزارت دفاع کے ذرائع کے مطابق سخوئی طیارے میں دو پائلٹ تھے جبکہ میراج میں ایک پائلٹ تھا۔ یہ دونوں طیارے انڈین فضائیہ میں فرنٹ لائن کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔
سخوئی طیارے کے دونوں پائلٹ چھلانگ لگانے میں کامیاب ہو گئے اور انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ان دونوں طیاروں نے گوالیار ایئر فورس بیس سے اڑان بھری تھی۔
مورینا کے مقامی افراد کی جانب سے بنائی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کے زمین پر پڑے ملبے سے شعلے اور دھواں اٹھ رہا ہے۔
این ڈی ٹی وی نے دفاعی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فضائیہ کے حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا یہ حادثہ دونوں طیاروں کے فضاء میں تصادم کے نتیجے میں تو پیش نہیں آیا۔
خبر ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق انڈین فضائیہ کے سربراہ نے اس حادثے کے بارے میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو بریفنگ دی ہے۔

شیئر: