Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین ایئر فورس کا جنگی طیارہ گر کر تباہ

طیارہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے تباہ ہوا۔ فائل فوٹو روئٹرز
انڈین ایئر فورس کا جنگی طیارہ مگ 29 ریاست پنجاب کے ضلع  ہوشیار پور میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔
اخبار انڈیا ٹوڈے کی ویب سائٹ کے مطابق انڈین پنجاب کے ایک گاؤں چہارپور میں طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے، تاہم پائلٹ نے جہاز سے کود کر اپنی جان بچا لی۔ پائلٹ کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال لے جایا گیا ہے۔
انڈین نیوز ایجنسی اے این آئی نے انڈین ایئر فورس کے حوالے سے کہا ہے کہ  طیارے نے ٹریننگ مشن کے دوران ریاست پنجاب کے شہر جالندھر  میں واقع ایئر فورس کی بیس  سے اڑان بھری تھی کہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ اے این آئی کے مطابق طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث پائلٹ کے قابو سے باہر ہوگیا، جس کے بعد پائلٹ نے طیارے سے چھلانگ لگا کر جان بچائی۔ حادثے کی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔
انڈین صحافی راویندرسنگھ روبن نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر حادثے کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔
صحافی راویندرسنگھ نے حادثے کے حوالے سے ایک اور تصویر بھی شیئر کی جس میں پائلٹ کو زمین پر لیٹے طبی امداد لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ راویندر سنگھ نے گاؤں کے لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا کہ وہ طیارے سے کودنے والے پائلٹ کی مدد کو فوری پہنچے۔
مقامی اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

شیئر: