’عازمین حج کی رہائش کے لیے 4 ہزار عمارتوں میں 5 لاکھ کمروں کے پرمٹ جاری ہوں گے ‘
رہائش کے لیے درخواستوں کی وصولی ابتدائی تیاری کا مرحلہ ہے ( فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ آنے والے عازمین حج کی رہائش کے لیے اجازت ناموں کی درخواستیں وصول ہونا شروع ہوگئیں۔
وزارت نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ حجاج ہاوسنگ کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کی رہائش کے لیے اجازت ناموں کی درخواستوں کی وصولی ابتدائی تیاری کا مرحلہ ہے۔
علاوہ ازیں مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ زیتونی نے کہا ہے کہ’ تقریبا 20 لاکھ حج زائرین کی رہائش کے انتظام کے لیے 4 ہزارعمارتوں میں 5 لاکھ کمروں کے لیے پرمٹ جاری کیے جائیں گے‘۔
الاخباریہ چینل کے پروگرام ’120‘ سے گفتگو کرتے ہوئے اسامہ زیتونی نے کہا کہ’ مقامی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں کو حج زائرین کی رہائش کے لیے مختص کرانے کےلیے پرمٹ حاصل کرلیں‘۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ’ ان گھروں میں بیرون مملکت سے آنے والے وہ حج زائرین ٹھہرائے جائیں گے جو کمپنیوں کے توسط سے پہنچیں گے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ’اپنے گھروں کو حج رہائش میں تبدیل کرانے کے خواہشمند شہری بڑی تعداد میں سامنے آئے ہیں اور وہ پرمٹ جاری کرانے کی درخواستیں دے رہے ہیں‘۔
اسامہ زیتونی کا کہنا ہے کہ’ جب تک مطلوبہ تعداد میں حج زائرین کی رہائش کے لیے مطلوب کمروں کااندراج نہیں ہوگا اس وقت تک گھروں کو حج رہائش میں تبدیل کرنے کے خواہشمند شہریوں کے لیے ورک پرمٹ کے اجرا میں توسیع کی جاتی رہے گی‘۔