Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضلعی ہسپتال پر یوکرین کے حملے میں 14 افراد ہلاک، 24 زخمی: روس

گذشتہ ایک سال کے دوران روسی فوج کے حملوں سے یوکرین کے شہر تباہی کا منظر پیش کر رہے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
روس کی وزارت دفاع نے مشرقی علاقے لوگانسک کے ایک ہسپتال پر حملے کا الزام یوکرین کی فوج پر لگایا ہے جس میں 14 افراد ہلاک اور 24 زخمی ہوئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روسی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’سنیچر کی صبح یوکرین کی فوج نے امریکی ساختہ ملٹی لانچ سسٹم ہائیمرز سے جان بوجھ کر نووائیدر کے ضلعی ہسپتال کی عمارت کو نشانہ بنایا۔‘
بیان کے مطابق ’اس حملے میں 14 افراد ہلاک اور 24 زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں ہسپتال میں زیرعلاج مریض اور طبی عملے کے ارکان بھی شامل ہیں۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’گذشتہ کئی ماہ سے یہ ہسپتال مقامی آبادی اور فوجیوں کو ضروری طبی امداد فراہم کر رہا ہے۔‘
وزارت دفاع کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’جان بوجھ کر ایک فعال طبی مرکز پر حملہ کیئف کی حکومت کی جانب سے ایک سنگین جنگی جرم ہے۔‘
واضح رہے کہ روس نے 24 فروری 2022 کو یوکرین پر حملہ کیا تھا۔
جمعرات کو یوکرین کے حکام نے کہا تھا کہ ’روسی فضائیہ نے اس کے مختلف علاقوں پر 30 سے زائد میزائل فائر کیے جبکہ دو درجن سے زائد ڈرونز بھی مار گرائے۔‘

حملوں میں عمارتیں بھی تباہ ہوئی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

روس کی جانب سے تازہ حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے تھے جب بدھ کو ہی یوکرین کے اتحادیوں جن میں امریکہ اور جرمنی شامل ہیں، کی جانب سے اسے جدید ٹینک فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا۔
یوکرین نے کہا تھا کہ ’امریکہ اور جرمنی کی جانب سے جدید ٹینکوں کی فراہمی سے روسی فوجیوں کے حملوں کو پسپا کرنے میں مدد ملے گی۔‘
یوکرین کے صدر نے جنگ کے دوران امریکہ اور اتحادیوں سے بارہا جدید فوجی اسلحے کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا۔
اکتوبر کے بعد سے روس یوکرین پر مسلسل میزائل حملے کر رہا ہے جن میں توانائی کے ذرائع کو نشانہ بنایا گیا۔

شیئر: