نطاقات ایڈوانس پروگرام کا آغاز، سعودیوں کےلیے 3 لاکھ 40 ہزار ملازمت کے مواقع
سعودائزیشن کےلیے مقررہ زمروں کو 85 کے بجائے 32 کیا گیا ہے( فائل فوٹو: عاجل)
سعودی وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی نے مملکت میں نطاقات ایڈوانس پروگرام کے دوسرے مرحلے کو شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت افرادی قوت نے مئی 2021 میں ایڈوانس نطاقات پروگرام کا پہلا مرحلہ جاری کیا تھا۔
ایڈوانس نطاقات پروگرام مملکت میں سعودائزیشن کےعمل کوبہتر بنانے اور سعودیوں کو مناسب روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے جامع منصوبہ ہے۔
پروگرام کے تحت نجی شعبے میں سعودیوں کو مناسب روزگارحاصل کرنے میں سہولت ہوئی جس کے بعد پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا گیا۔
ایڈوانس نطاقات پروگرام کے متعدد فوائد حاصل ہورہے ہیں جن کے تحت لیبرمارکیٹ میں افرادی قوت کی کھپت کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لیے نجی شعبے کی حدود کو وسعت دی گئی۔
نطاقات ایڈوانس پروگرام سے قبل سعودائزیشن کے حوالے سے 85 شعبوں کو مخصوص کیاگیا تھا مگرمارکیٹ کی طلب کودیکھتے ہوئے مماثلت رکھنے والے متعدد شعبوں کو ایک دوسرے میں ضم کرنے کے بعد سعودائزیشن کےلیے مقررہ زمروں کو 85 کے بجائے 32 کردیا گیا۔
مخصوص شعبوں کی تعداد کو کم ہوئی مگر ان کا دائرہ کار وسیع ہوگیا جس سے سعودائزیشن کے اہداف میں بھی کافی تنوع پیدا ہوا اورشہریوں کو روزگار کے مواقع میسرآئے۔
وزارت کی جانب سے ایڈوانس نطاقات پروگرام کے حوالے سے بتایا گیا کہ’ سال 2024 تک نطاقات ایڈوانس پروگرام کے تحت سعودیوں کو 3 لاکھ 40 ہزارملازمت کے مواقع میسرآئیں گے‘۔
وزارت کا کہنا تھا کہ’ نطاقات پروگرام کو بہتراورجامع انداز میں مرتب کرنے کےلیے مارکیٹ کی صورتحال کا وسیع بنیاد پرجائزہ رپورٹوں کی بنیاد پرمرتب کیاگیا ہے جس میں حکومتی سیکٹراورنجی شعبے کا بھی اہم کردار رہا‘۔
واضح رہے مملکت میں نطاقات پروگرام کا آغاز سال2011 میں کیا تھا جس کا بنیادی مقصد سعودیوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کرنے کے علاوہ اورانکی کم از کم تنخواہ کا تعین کرنا تھا۔