Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی پشاور دھماکے کی مذمت، ’پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں‘

پولیس لائنز کی مسجد میں دھماکے سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
سعودی عرب نے پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی ہے۔
پیر کو پاکستان میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مذمتی پیغام جاری کیا گیا ہے۔
پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’مملکت کی طرف سے سعودی وزارتِ خارجہ نے پاکستان میں پشاور کی ایک مسجد میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔‘
بیان کے مطابق ’وزارت خارجہ نے عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے، پُر امن لوگوں کو دھمکانے اور بے گناہوں کا خون بہانے جیسی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے اس بات کی تاکید کی ہے کہ ہر قسم کے تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی خواہ اس کے مقاصد ومحرکات کچھ بھی ہوں، ان کے خلاف سعودی عرب برادر ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔‘
پیغام میں مزید کہا گیا ’وزارت خارجہ متاثرین کے اہلِ خانہ اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہے۔‘
پیر کو پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں نمازِ ظہر کے دوران دھماکہ ہوا تھا جس میں 44 افراد ہلاک جبکہ 150 سے زائد زخمی ہیں۔
زوردار دھماکے سے مسجد کی چھت مکمل منہدم ہو گئی تھی جس کی وجہ سے جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔

شیئر: