Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسری قسط ادا نہ کرنے والے داخلی عازمین کا نام حج فہرست سے خارج

تیسری قسط کی آخری تاریخ 30 اپریل ہے۔ (فوٹو سیدتی میگزین)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ اندرون مملکت سے حج کی درخواست دینے والے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو حج پیکیج کی دوسری قسط ادا کرنے کا جو وقت مقرر کیا گیا تھا وہ پورا ہوچکا ہے۔ لہذا جن لوگوں نے اب تک دوسری قسط ادا نہیں کی ان کا نام حج امیدواروں کی فہرست سے خارج ہوجائے  گا۔ 
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے تاکید کی ہے کہ حج پیکیج کی ادائیگی  ’سداد‘ سسٹم کے ذریعے صرف آن لائن کی جارہی ہے۔ دوسری قسط کی ادائیگی کی مہلت  7 رجب  1444ھ مطابق 29 جنوری 2023 کو ختم ہوگئی۔ تیسری قسط کی تاریخ 10 شوال  1444ھ مطابق 30 اپریل 2023 کو ختم ہوجائے گی۔ 
وزارت حج کا کہنا ہے کہ  4 رجب 1444ھ  مطابق 26 جنوری  2023 تک  حج درخواست دہندگان کو جزوی رقم ادا  کرنے کا اختیار حاصل تھا اس کے بعد اس کی کوئی گنجائش نہیں رہی۔ 
وزارت کا کہنا ہے کہ دوسری قسط ادا نہ کرنے پر بکنگ کی منسوخی کے تناظر میں حج کے امیدوار دوبارہ بکنگ کراسکتے ہیں۔ انہیں مہیا نشستوں کی صورت میں ہی دوبارہ بکنگ  کی منظ؍وری مل سکتی ہے۔ 
وزارت نے زور دے  کر کہا ہے کہ حج پر وہی سعودی شہری  جاسکتے ہیں جو نیشنل آئی ڈی ہولڈر ہوں یا وہی مقیم غیرملکی جاسکتے ہیں جو موثر اقامہ رکھتے ہوں۔ 
وزارت نے توجہ دلائی ہے کہ حج پیکیج کی مکمل رقم ادا کرنے کی صورت میں حج پرمٹ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہوگا۔ امیدوار ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے حج پرمٹ اپنے طور پر پرنٹ کرے گا۔ حج پرمٹ پرنٹ کرنے کی شروعات 15 شوال  1444ھ مطابق 4 مئی 2023 سے ہوگی۔ امیدوار کو حج پرمٹ نمبر کے حوالے سے ایس ایم ایس بھیجا جائے  گا۔ 
اگر اندرون مملکت سے کوئی حج امیدوار بکنگ منسوخ کرنا چاہتا ہو تو اسے بکنگ پالیسی کی تمام تفصیلات اور حج پیکیج کی رقم سے متعلق جملہ معلومات سے واقفیت حاصل کرنا ہوگی۔ اسے یہ معلومات اندرون مملکت سے حج کرنے والوں کے لیے قائم ای پلیٹ فارم کے مین پیج سے مل سکیں گی۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: