70 ہزار سے زیادہ داخلی عازمین حج نے رجسٹریشن کرالی
عازمین کو تین قسطوں میں رقم ادا کرنے کی سہولت دی جارہی ہے( فائل فوٹو ایس پی اے)
نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ داخلی پلیٹ فارم کے ذریعے اب تک 70 ہزار سے زیادہ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی اس سال حج کے لیے اندراج کراچکے ہیں۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ داخلی عازمین حج سہولتیں فراہم کرنے والی کمپنی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
نائب وزیر حج نے مزید کہا کہ تین قسطوں میں حج پیکیج کی ادائیگی کا فیصلہ اندرون ملک سے عازمین کی سہولت کےلیے کیا گیا ہے۔
حج سے پانچ ماہ قبل مکمل رقم ادا کرنے کے بجائے تین قسطوں میں پیکیج کی رقم ادا کرنے کی سہولت دی جارہی ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ’25 جون 2023 تک حج کی بکنگ کرائی جاسکتی ہے بشرطیکہ اس سال داخلی عازمین کے لیے مقرر کوٹے میں اس کی گنجائش ہو‘۔
’ بکنگ کی کارروائی مکمل ہونے پر امیدوار کو موبائل پر ایس ایم ایس کے ذریعے فوری طور پر مطلع کردیا جاتا ہے۔ وزارت حج کی ویب سائٹ یا نسک ایپ کے ذریعے بھی بکنگ کے حوالے سے معلومات لی جا سکتی ہیں‘۔
وزارت نے اس سال 4 حج پیکیج متعارف کرائے ہیں۔ شروعات 3984 ریال سے ہورہی ہے۔ سب سے بڑا پیکیج 11435 ریال کا ہے۔