کراچی میں کار روکنے پر خاتون کا پولیس افسر کو تھپڑ، ویڈیو وائرل
جمعرات 2 فروری 2023 14:51
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ٹویپس کے مطابق ڈی ایس پی کو تھپڑ پڑنے کا واقعہ وزیراعلی ہاؤس کے قریب پیش آیا (فوٹو: ویڈیو گریب)
کراچی میں ایک خاتون کی جانب سے ٹریفک پولیس کے افسر کو تھپڑ مارے جانے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔
جمعرات کو شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹریفک کے رش کے دوران پولیس کا عملہ ایک گاڑی کو روکے ہوئے ہے۔
کار کے سامنے موجود خاتون پہلے اپنے موبائل فون سے ویڈیو بناتی ہے۔ اس کے بعد وہ سامنے موجود پولیس افسر کو دھکے دیتی اور پھر تھپڑ رسید کرتی ہے۔
ویڈیو شیئر کرنے والوں کے مطابق خاتون کا تھپڑ کھانے والا فرد ٹریفک پولیس کا ڈی ایس پی رینک کا افسر ہے اور واقعہ وزیراعلی و گورنر ہاؤس کے درمیان واقع پی آئی ڈی سی کے ٹریفک سگنل پر پیش آیا ہے۔

عرفان الحق نے واقعہ کی تفصیل شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بعد میں خاتون کی جانب سے معافی مانگنے پر معاملہ ختم ہوا۔‘