Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سگار نہیں بُجھتا،‘ سوشل میڈیا پر شیخ رشید کا انداز موضوع گفتگو

شیخ رشید کو پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب گرفتار کیا تھا۔ (فائل فوٹو: فیسبک/شیخ رشید)
سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف الزامات عائد کرنے کے الزام میں بدھ کی رات سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو گرفتار کیا گیا تھا اور جمعرات کو اسلام آباد کی ایک عدالت نے انہیں دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
اس کے بعد جمعرات کو پولیس نے شیخ رشید کے خلاف تھانہ مری میں گرفتاری کے دوران مزاحمت کرنے اور پولیس پر ہتھیار تان لینے کے الزام میں ایک اور مقدمہ درج کرلیا۔
اس وقت شیخ رشید صرف مقدمات کی وجہ سے ہی خبروں میں نہیں بلکہ گرفتاری کے بعد ان کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر موضوع گفتگو بنی ہوئی ہیں۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر شیخ رشید کے دونوں ہاتھ ہتھکڑی میں جکڑے اور ہوا میں بلند تھے لیکن اس وقت بھی ان کا ’سگار‘ ہونٹوں کے درمیان دبا تھا اور منہ سے دھویں کے مرغولے نکل رہے تھے۔
یہ مناظر ویڈیو کی صورت میں شیخ رشید کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے بھی شیئر کیے گئے اور ساتھ لکھا تھا ’سویگ۔‘
ان کے ایک حامی ٹوئٹر صارف نے اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’شیخ رشید کو عدالت میں پوری فلمی انداز میں پیش کیا گیا۔‘
عدالت پر پیشی سے قبل جب انہیں پولی کلینک ہسپتال لے جایا گیا وہاں بھی شیخ رشید ’سگار‘ پیتے ہوئے نظر آئے۔ خرم اقبال نامی صحافی نے ایک اس ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ ’شیخ رشید کا سگار نہیں بجھتا۔‘
سابق وزیر داخلہ کئی مرتبہ کہہ چُکے ہیں کہ ’ہتھکڑیاں میرا زیور ہیں‘ اور جیل میرا سسرال ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ نے شیخ رشید کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’عدالت نے شیخ صاحب کو دو روز کے لیے سسرال بھجوادیا۔‘
حیدر نقوی نامی صارف نے سابق وزیر داخلہ کے حوالے سے لکھا کہ ’شیخ رشید بالآخر سسرال پہنچ ہی گئے۔ منہ دکھائی میں دو کلو ہتھکڑی کا زیور ملا۔‘
فہد علی نے ایک طنزیہ ٹویٹ میں لکھا ’ہتھکڑیوں میں سگار پیتے ہوئے شیخ رشید ہمارے لیے مزاحمت کا نیا نشان ہیں۔‘
خیال رہے کہ اسلام آباد پولیس نے شیخ رشید کے خلاف ایک شہری راجہ عنایت الرحمان کی درخواست پر آبپارہ تھانے میں مقدمہ درج کیا تھا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کے خلاف درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ایک ٹی وی انٹرویو میں ’شیخ رشید نے ایک سازش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری نے کچھ دہشت گردوں کی خدمات حاصل کر لی ہیں جو عمران خان کو مروانا چاہتا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ’شیخ رشید ایک سابق صدر پاکستان کو بدنام کرنا چاہتا ہے اور زرداری صاحب اور ان کے خاندان کے لیے مستقل خطرہ پیدا کرنا چاہتا ہے۔
ایف آئی آر میں استدعا کی گئی ہے کہ ’دفعہ 150 اور 151 کے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے تمام کرداروں کو گرفتار کیا جائے اور ملک میں پھیلتی ہوئی بے چینی اور بدامنی کو روکا جائے۔

شیئر: