کراچی نارتھ ناظم آباد کے ’کول اور ماڈرن‘ اسسٹنٹ کمشنر
جمعہ 3 فروری 2023 14:52
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
اسسٹنٹ کمشنر کا فیشن سٹائل اور ان کے رجحانات سوشل ٹائم لائنز کا مرکز رہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سوشل میڈیا کا استعمال بڑھنے سے قبل مخصوص دائرے تک محدود رہنے والی بیوروکریسی ٹائم لائنز پر نمایاں ہوئی تو جہاں عام افراد کو ان سے رابطے کا موقع ملا وہیں ان کی سرگرمیاں بھی موضوع گفتگو بنی ہیں۔
ماضی میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے پولیس افسران اور حال ہی میں کراچی کے کمشنر کو سوشل میڈیا نے خصوصی توجہ دی تو یہ سلسلہ آگے بڑھتا ہوا نارتھ ناظم آباد کراچی میں تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر تک جا پہنچا۔
اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد اور ماضی میں ڈسکس ہونے والے سول سروس کے افسران کے درمیان ایک فرق یہ رہا کہ اول الذکر اپنے فیشن سٹائل کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر کے ’لائف اسٹائل کے اخراجات اور تنخواہ‘ کا ذکر کرنے والوں نے یہ بھی پوچھا کہ ’محدود سی تنخواہ میں کیسے مینیج‘ کرتے ہیں۔
کہیں سانپ جسم پر ٹانگے، کہیں باڈی گارڈز کے درمیان پوز کرتے اور کہیں ماڈلنگ کے جوہر دکھاتے حاظم بنگوار کی تصاویر شیئر کرنے والوں نے پوچھا کہ ’اسسٹنٹ کمشنر کیا کیا کرتے رہے۔‘
گفتگو کا سلسلہ آگے بڑھا تو کچھ ٹویپس حاظم بنگوار کی ماڈلنگ والی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہیں متعارف کرانے کی ذمہ داری ادا کرتے رہے۔
عبدالمعز نے ایک تصویر شیئر کی تو انہیں ’ماڈرن اے سی‘ کا لقب دیا۔
نئی و پرانی تصاویر، حاظم بنگوار کی ایڈووکیسی مہمات اور رجحانات کا ذکر کرنے والوں نے تشویش کا اظہار کیا تو کچھ ایسے بھی تھے جو ناپسندیدگی بھرے جذبات کو چھپا نہ سکے۔
گفتگو اس مرحلے پر پہنچی تو یوں دکھائی دیا کہ اسسٹنٹ کمشنر پر تنقید کرنے اور ان کی حمایت کرنے والے آمنے سامنے آ گئے ہیں۔
ماہ زلہ خان نے اسسٹنٹ کمشنر پر تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’چھوڑ دو نارتھ ناظم آباد کے اسسٹنٹ کمشنر کا پیچھا اور زندگی میں ان جیسا متنوع بننے کی کوشش کرو۔‘
عمر قریشی نے بھی ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’او بھائی نارتھ ناظم آباد کے اے سی کی جان چھوڑ دو۔‘