Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہانگ کانگ کا سیاحوں کے لیے پانچ لاکھ مفت ایئر ٹکٹ دینے کا اعلان

ہانگ کانگ کی حکومت نے سیاحت کی صنعت کو فروغ اور ملک میں سیاحوں کی دلچسپی کو بڑھانے کے لیے پانچ لاکھ ایئر ٹکٹ مفت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے سی این این کے مطابق جمعرات کے روز ’ہیلو ہانگ کانگ‘ نامی ایک سکیم کا اعلان کیا گیا ہے جس پر دو برسوں سے کام ہو رہا تھا۔
اس سکیم کے تحت یکم مارچ سے دنیا بھر میں رہنے والے سیاح ’ورلڈ آف ونرز‘ نامی ویب سائٹ پر جا کر اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں جس کے بعد ان کا نام قرعہ اندازی میں شامل کیا جائے گا۔ کامیاب ہونے والے امیدواروں کو تین مراحل میں ٹکٹس دیے جائیں گے۔
پہلے مرحلے میں جنوب مشرقی ایشیا کے ممالک کے سیاحوں کو ٹکٹ دیے جائیں گے اس کے بعد چین کے سیاحوں کو ہانگ کانگ جانے کا موقع ملے گا، جبکہ سب سے آخر میں دنیا بھر کے سیاحوں کو ایئر لائنز کے مفت ٹکٹس ملیں گے۔
ٹکٹس کی تقسیم ہانگ کانگ کی تین ایئر لائنز کیتھے پیسیفک، ایچ کے ایکسپریس اور ہانگ کانگ ایئر لائنز کے تعاون سے کی جائے گی۔ ان پانچ لاکھ ٹکٹوں کی کل رقم 254 ملین امریکی ڈالر بنتی ہے۔
ہانگ کانگ نے کورونا وائرس کے خلاف آہستہ اور محتاط طریقے سے کام کیا تھا جس کے باعث اس کی سیاحت کی صنعت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سنہ 2020 جنوری میں جب چین کے شہر ووہان میں کورونا وائرس کے ابتدائی کیسز سامنے آئے تھے تو اس وقت ہی ہانگ کانگ میں تقاریب پر پابندی لگا دی گئی تھی۔
وبا کے دوران ہانگ کانگ میں آنے جانے کے لیے سفر کافی مہنگا ہوگیا تھا جس کے ساتھ مسافروں کو 21 دن کے سخت قرنطینہ اور کئی پی سی آر ٹیسٹ بھی کروانے پڑتے تھے۔
کورونا کی وبا سے پہلے ہانگ کانگ میں عام طور پر سال بھر میں پانچ کروڑ 60 لاکھ سیاح آتے تھے، تاہم 2022 میں یہ تعداد صرف ایک لاکھ تک جا پہنچی ہے۔
گزشتہ برسوں میں ہانگ کانگ میں صرف بیرون ممالک سے آنے والے سیاحوں کی ہی تعداد کم نہیں ہوئی بلکہ مالیاتی مرکز نے 1961 کے بعد پہلی مرتبہ آبادی میں 1.6 فیصد کی بڑی کمی بھی دیکھی ہے۔

شیئر: