کمرۂ امتحان میں 50 لڑکیوں کے درمیان اکیلا شنکر بے ہوش ہو گیا
جمعرات 2 فروری 2023 18:21
علاج کے بعد شنکر کی طبیعت اب بہتر بتائی جا رہی ہے (فوٹو: نیوز 18)
انڈین ریاست بہار میں بارہویں جماعت کا طالب علم کمرۂ امتحان میں 50 لڑکیوں کے درمیان خود کو اکیلا پا کر بے ہوش ہو گیا۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق جب لڑکے نے دیکھا کہ کمرہ امتحان میں 50 لڑکیوں میں اکیلا پیپر دے گا تو بے ہوش ہونے سے پہلے اسے بخار ہو گیا۔
منی شنکر نامی اس لڑکے کی رشتہ دار کے مطابق شنکر کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ان کے مطابق ’وہ امتحانی سنٹر میں گیا تو دیکھا کہ ہال لڑکیوں سے بھرا ہوا ہے، وہ نروس ہو گیا اور اسے بخار چڑھ گیا اور بے ہوش ہو گیا۔ علاج کے بعد شنکر کی طبیعت اب بہتر بتائی جا رہی ہے۔
گزشتہ ہفتے ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور کے ایک سکول میں 16 سالہ لڑکی حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث چل بسی۔ وہ رپبلک ڈے ریہرسل میں مصروف تھی کہ اچانک گر گئی۔
اگرچہ اسے ہسپتال لے جایا گیا، لیکن ڈاکٹر کے مطابق وہ ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی مر چکی تھی۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ ریاست میں شدید سردی کی لہر کی وجہ سے لڑکی کی ہلاکت ہوئی۔
اسی طرح گزشتہ ماہ ایک اور 10 سالہ طالب علم منپادا میں اچانک گرا اور ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے اچانک موت واقع ہونے کی رپورٹ درج کی، جبکہ اس کے والدین نے پولیس سے تفتیش کرنے کی درخواست کی ہے۔
میونسپل کارپوریشن کے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسر بالا صاحب راکشے نے کہا کہ ’ہم نے سکول کا دورہ کیا اور تین افسروں پر مشتمل ایک ٹیم بنائی ہے جو واقعے کی جانچ کرے گی، اور رپورٹ پیش کرے گی۔‘