Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرانس کی ہائی سپیڈ ٹرین میں حملے کی دھمکی دینے والا گرفتار

پولیس کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ مسافر کا مقصد دہشت گردی کی واردات کرنا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
فرانس میں پولیس نے کہا ہے کہ ہائی سپیڈ ٹرین (ٹی وی جی) میں سفر کرنے والے ایک شخص نے خود کو دھاکے سے اُڑانے کی دھمکی دی جس پر اسے گرفتار کیا گیا ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس نے کہا کہ ’اس 24 سالہ شخص نے خود یا ٹرین کو دھاکے سے اُڑانے کی دھمکی دی، تاہم اس کے پاس کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں تھا۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ مسافر کا مقصد دہشت گردی کی واردات کرنا تھا، جبکہ اس کی ذہنی حالت کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
فرانسیسی وزیر داخلہ جیرالڈ ڈارمینن نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’آج صبح ایک پولیس افسر نے ٹرین میں سوار ایک شخص کو دھمکی دینے پر گرفتار کیا، افسر کے لیے شاباش!‘
یہ پولیس افسر ڈیوٹی پر نہیں تھا، لیکن فرانسیسی قانون کے مطابق ڈیوٹی پر نہ ہونے والے پولیس افسروں کو بھی ٹرین میں اسلحہ رکھنے کی اجازت ہے۔
ٹرین میں 280 مسافر سوار تھے اور حملے کی دھمکی کے بعد اسے صبح آٹھ بجے کے قریب فرانس کے شمال مشرقی قصبے لوینگنی میں روک دیا گیا تاکہ پولیس اپنی کارروائی کر سکے۔
سکیورٹی فورسز کے ایک سو کے قریب اہلکاروں نے سراغ رساں کتوں کی مدد سے ٹرین کی تلاشی لی، لیکن انہیں کچھ نہیں ملا۔ اس کے بعد ٹرین کو روانگی کی اجازت دے دی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے اس شخص نے گزشتہ برس بھی ٹرین میں اسی طرح کی دھمکی دی تھی اور اس دماغی حالت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
 
 

شیئر: