تجاوزات کے خلاف آپریشن: عمران خان اور اسلام آباد انتظامیہ آمنے سامنے
تجاوزات کے خلاف آپریشن: عمران خان اور اسلام آباد انتظامیہ آمنے سامنے
ہفتہ 4 فروری 2023 14:06
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
اسلام آباد کے مختلف تجارتی مراکز میں احساس پروگرام کے تحت کاروباری سٹالز قائم کیے گئے تھے (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے ایک سیکٹر میں انتظامیہ نے ’تجاوزات کے خلاف آپریشن‘ کیا تو سابق وزیراعظم عمران خان نے اسے ’حکومت کی بےحسی‘ کہہ ڈالا۔
اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین میں ہونے والی کارروائی سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز سامنے لائی گئیں تو ان میں متعدد ٹھیلوں اور سٹالز کی توڑ پھوڑ اور ان موجود غذائی و دیگر اشیا کا ضائع ہونا نمایاں تھا۔
مختلف سوشل میڈیا صارفین نے توڑپھوڑ پر ردعمل دیا تو کوئی ’تجاوزات ہٹانے اور راستہ کلیئر رکھنے‘ پر مطمئن دکھائی دیا اور کوئی انتظامی کارروائی کو ’معاشی مشکلات کا شکار خوانچہ فروشوں سے زیادتی‘ سے تعبیر کیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے ردعمل کو ٹویٹ کی شکل دی تو سامان کی توڑپھوڑ اور اس سے ہونے والے نقصان کی تصاویر بھی شیئر کیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری کے دوران امپورٹڈ سرکار نے اسلام آباد کے I-10 سیکٹر میں ہماری حکومت کی جانب سے ”احساس ریڑھی بان“ پروگرام کے تحت فراہم کی گئی ریڑھیاں/سٹالز تباہ کرکے نہایت بےحسی کا مظاہرہ کیا ہے۔‘
انہوں نے انتظامی کارروائی کو ’غیرانسانی اور قابل مذمت‘ بھی قرار دیا۔
سنیچر کی صبح عمران خان کے ردعمل کے بعد آئی ٹین سیکٹر میں کی گئی انتظامی کارروائی پر ردعمل کا سلسلہ بڑھا تو دوپہر میں اسلام آباد انتظامیہ نے معاملے کی وضاحت کی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ’سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ نے صرف تجاویزات کے خلاف کاروائی کی ہے، اور وہ ٹھیلے اور ریڑھیاں ہٹائی گئی ہیں جو فٹ پاتھ یا گرین بیلٹ پر موجود تھیں۔‘
ترجمان آئی سی ٹی ڈاکٹر محمد عبداللّٰه تبسم کے مطابق ’مخصوص اور من گھڑت بیان جوکہ ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کی روزانہ کی بنیاد پر جاری تجاویزات اور قبضہ مافیا کے خلاف جاری کارروائی سے متعلق پروپیگنڈہ ہے۔‘
کسی کا نام لیے بغیر دیے گئے بیان میں انتظامیہ نے کارروائی کے خلاف ردعمل کو ’جھوٹ پر مبنی اور حقائق کے منافی‘ قرار دیا تو مزید کہا کہ ایسی اطلاع میں ’کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں ہے۔‘
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ’درجنوں ریڑھیاں تباہ، سرکاری عملہ فروخت کے لیے سامان بھی لے اڑا‘ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’سی ڈی اے نے سیکٹر آئی ٹین میں صرف ان سٹالز اور ریڑھیوں کے خلاف آپریشن کیا، جو فٹ پاتھ اور گرین بیلٹ پہ موجود تھیں اور ان کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی تھی۔‘