رونالڈو کی ٹیک کمپنی اور روئی کرسٹا میں شراکت داری، فٹ لیب سعودی عرب میں
سپورٹس سعودی عرب کے تبدیلی کے وژن 2030 کا ایک لازمی جزو ہے ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی انٹرٹینمنٹ کمپنی کنفرٹیشن انٹرٹینمنٹ نے فٹ لیب کے ساتھ کرسٹیانو رونالڈو اور روئی کوسٹا کی شراکت داری کے ساتھ ایک خصوصی فرنچائز معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق فٹ لیب رونالڈو کی ٹیک کمپنی کے ذریعے پرتگالی فٹ بال لیجنڈز کے درمیان تعاون، ای گیمنگ، حقیقی زندگی کے فٹ بال اور ٹیکنالوجی کے امتزاج کو زندہ کرنے کے خیال سے شروع ہوئی۔
کھلاڑی پارک میں مختلف سٹیشنوں کے اندر تربیت، مقابلہ اور اپنے حقیقی وقت کی کارکردگی کے اعداد و شمار پر نظر رکھ سکتے ہیں جو سبھی ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام میں جڑے ہوئے ہیں۔
فٹ لیب کو فٹ بال کے کھلاڑیوں کی اگلی نسل کو ذہن میں رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا تھا جو کھلاڑیوں اور ٹرینرز کو وہ ٹولز فراہم کرتے ہیں جن کی انہیں حقیقی وقت میں کارکردگی کی پیمائش اور ٹریک کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اور اس معلومات کو وہ ذاتی نوعیت کی ترقی پیدا کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
اس کے پیچھے موجود ٹیکنالوجی کو سپورٹس سائنٹسٹس، سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر انجینئرز کی ایک ٹیم یو ایکس ڈیزائنرز، مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا ماہرین نے اندرون ملک تیار کیا تھا تاکہ فٹ بال کے ڈیٹا پر مبنی دنیا کا معروف تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
فٹ لیب ورلڈ کے سی ای او لیوس پرافیٹا نے اس معاہدے کے ذریعے سعودی مارکیٹ میں داخل ہونے پر کہا کہ ’ سپورٹس سعودی عرب کے تبدیلی کے وژن 2030 کا ایک لازمی جزو ہے اور ہم اپنے شراکت داروں کی غیر مشروط حمایت اور پوری مملکت میں فٹ لیب کو شروع کرنے کے لیے شکر گزار ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ فٹ لیب سعودی عرب میں کھیل کو تبدیل کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔ اس کا مقصد کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے وقف اشرافیہ کی سہولیات اور کوچنگ عملے کے ساتھ ٹیموں کو بااختیار بنانا ہے‘۔
سعودی تفریحی کمپنی کنفرٹیشن انٹرٹینمنٹ کے سی ای او احمد مدنی نے کہا کہ ’سعودی عرب میں سپورٹس اور تفریحی شعبے کی ترقی نے مارکیٹ میں فوٹ لیب جیسے اختراعی منصوبوں کو متعارف کرانے کا یہ ایک بہترین وقت بنا دیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ شراکت داری کوالٹی آف لائف پروگرام کے ساتھ منسلک ہے جو نجی شعبے کو تفریح اور سپورٹس کے شعبے کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کی ترغیب دیتا ہے اور نئے تجربات کی پیشکش کرتے ہوئے کوالٹی آف لائف پروگرام میں اپنا کردار ادا کرتا ہے‘۔