کرپشن کے الزامات، پی سی بی نے سپنر آصف آفریدی پر پابندی لگا دی
منگل 7 فروری 2023 17:32
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
آصف آفریدی نے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں ملتان سلطانر کی نمائندگی کی تھی۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر سپنر آصف آفریدی پر کسی بھی فارمیٹ کی کرکٹ کھیلنے پر دو سال کی باپندی عائد کر دی ہے۔
منگل کو پی سی بی کی جانب سے ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آصف آفریدی لے خلاف تحقیقات کا آغاز 12 ستمبر 2022 میں کیا گیا تھا اور ان پر دو سالہ پابندی کا اطلاق بھی اسی دن سے ہوگا۔
پی سی بی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فیصلہ کرتے وقت ’احساس جرم‘، ’اظہار افسوس‘ اور آصف آفریدی کے ماضی کو مدنظر رکھا گیا ہے اور آصف آفریدی کے مطابق ان سے یہ غلطی ’غیر ارادی‘ طور پر ہوئی ہے۔
پی سی بی نے آصف آفریدی کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزیوں کے حوالے سے تفصیلات تو شیئر نہیں کیں لیکن جن دفعات کے تحت ان پر پابندی عائد کی گئی ہے اس میں بدعنوان عناصر سے رابطے نہ ظاہر کرنے کے الزامات شامل ہیں۔
اس حوالے سے پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ’ایک انٹرنیشل کرکٹر پر دو سال کی پابندی لگانے میں پی سی بی کو کوئی خوشی نہیں ہو رہی لیکن اس طرح کے جرائم کے لیے ہماری زیرو ٹالیرنس پالیسی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ایک کڑوی سچائی ہے کہ کرپشن کھیل کے لیے خطرہ ہے اور خودغرض اور عنوان عناصر مختلف طریقوں سے کھلاڑیوں کو پھنساتے ہیں۔ اسی لیے پہ سی بی کھلاڑیوں کی تعلیم پر انسویسٹ کر رہا ہے تاکہ وہ چوکس رہیں اور کرپشن کی لعنت ختم کرنے میں پی سی بی کی مدد کریں۔‘
’لیکن اگر ہماری آگاہی پھیلانے کی تمام تر کوششوں کے باوجود بھی کوئی کھلاڑی اپنی لالچ کا شکار ہوجاتا ہے تو پی سی بی کو ایسے کسی بھی شخص سے ہمدردی نہیں۔
خیال رہے آصف آفریدی نے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں ملتان سلطانر کی نمائندگی کرتے ہوئے پانچ میچ کھیل کر پانچ ہی وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے سپنر کو پچھلے سال آسٹریلیا کے خلاف 20 رکنی ون ڈے سکواڈ کا بھی حصہ بنایا گیا تھا تاہم وہ پاکستان میں ہونے والی سیریز کا کوئی میچ نہیں کھیل سکے تھے۔