Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جب آپ انڈر19 میں تھے, میں ٹیسٹ کرکٹر تھا،‘ سہیل خان اور کوہلی کی لڑائی

سہیل خان نے 2015 کے ورلڈکپ میں انڈیا کے خلاف پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی فاسٹ بولر سہیل خان نے اپنا آخری انٹرنیشنل میچ ورلڈ 11 کے خلاف پانچ سال قبل لاہور میں کھیلا تھا اور اس کے بعد سے انہیں کسی بھی فارمیٹ کی کرکٹ میں ٹیم کی نمائندگی کرنے کا موقع نہیں ملا مگر پھر بھی وہ خبروں میں ہیں۔
سہیل خان کے خبروں میں رہنے کی وجہ ان کا ایک انٹرویو ہے جو انہوں نے پاکستانی یوٹیوبر نادر علی کو دیا اور اسی انٹرویو میں انہوں نے سابق انڈین کپتان وراٹ کوہلی سے اپنی ایک لڑائی کا قصہ سنایا۔
سہیل خان کے مطابق وراٹ کوہلی سے ان کی لڑائی 2015 کے ورلڈکپ کے ایک میچ کے دوران ہوئی تھی اور یہ وہی میچ ہے جس میں انہوں نے 55 رنز دے کر وراٹ کوہلی سمیت پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
سہیل خان کا کہنا ہے کہ وہ مانتے ہیں کہ ’وراٹ کوہلی ایک نام ہے، ایک برانڈ ہے اور بہت بڑا بیٹسمین ہے۔‘ لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ کسی کی بدتمیزی برداشت نہیں کرتے۔
لڑائی کا ذکر کرتے ہوئے سہیل خان کا کہنا تھا کہ جب وہ بیٹنگ کرنے گراؤنڈ میں اُترے تو ’وراٹ کوہلی میرے پاس آئے اور کہا کہ جمعہ جمعہ آٹھ دن ابھی ہوئے ہیں اور کرکٹ میں آپ ابھی آئے ہیں اور اتنی باتیں کرتے ہو۔‘
سہیل خان کے مطابق انہوں نے وراٹ کوہلی کو پلٹ کر جواب دیا کہ ’بیٹا جب آپ انڈر19 کھیل رہے تھے تو اس وقت میں ٹیسٹ کرکٹر تھا۔‘
پاکستان کے 38 سالہ فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا کہ اس بات پر مصباح الحق ناراض ہوگئے تھے اور انہوں نے انہیں خاموش رہنے کا کہا۔
سہیل خان کے مطابق اس لڑائی کے درمیان سابق انڈین کپتان بھی آئے اور کہا ’وراٹ کوہلی سائیڈ پر ہوجاؤ یہ پُرانا چاول ہے تم نہیں جانتے اس کو۔‘
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق سہیل خان نے اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ 2009 میں سری لنکا کے خلاف کراچی میں کھیلا تھا جبکہ وراٹ کوہلی نے اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ میچ جون 2011 میں کھیلا تھا۔
سہیل خان اپنے کیریئر میں 9 ٹیسٹ میچوں میں 27، 13 ون ڈے میچوں میں 19 اور پانچ ٹی20 میچوں میں پانچ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
دوسری جانب وراٹ کوہلی 104 ٹیسٹ میچوں میں 8 ہزار 119، 271 ون ڈے میچوں میں 12 ہزار 809 اور 115 ٹی20 میچوں میں 4 ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔

شیئر: