سعودی عرب کے شمال میں گرد و غبار، جنوب میں دھند
’جمعرات اور جمعہ کو بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر ہوگی‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے شمالی علاقے آج گردو غبار کی زد میں ہیں، جنوبی علاقوں میں دھند چھائی ہوئی ہے جبکہ لوز پہاڑ پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جمعرات اور جمعہ کو بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر ہوگی۔
ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ ’جمعرات اور جمعہ کو گرم کپڑوں کا اہتمام کیا جائے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’امسال موسم سرمابیشتر علاقوں میں گردو غبار کے طوفان کے ساتھ آرہا ہے ‘۔
انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ شمالی علاقوں میں درجہ حرارت منفی سے نیچے گرجائے گا، وسطی علاقوں میں 3 سینٹی گریڈ سے 12 سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’مشرقی ریجن اور مدینہ منورہ میں درجہ حرارت 5 سے 12، مکہ مکرمہ میں 13 سے 19 اور جازان میں 22 سینٹی گریڈ ہوگا‘۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’عسیر ریجن میں منگل اوربدھ کی درمیانی رات کو دھند چھائی رہی جو آج صبح 10 تک رہی‘۔
ہائی وے کے علاوہ احد رفیدہ، ربوعہ، نماص، بلقرن اور خمیس مشیط میں دھند کی وجہ سے حد نگاہ متاثر رہی۔
ادھر طقس العرب کے ماہرین نے کہا ہے کہ ’الجوف اور شمالی حدود ریجن آج بھی گرد وغبار کے طوفان کی زد میں رہیں گے‘۔
’گرد وغبار کے طوفان کی وجہ سے ریجن کے بیشتر علاقوں میں حد نگاہ متاثر رہے گی جبکہ ہائی وے اور کھلے علاقوں میں نہ ہونے کے برابر ہوگی‘۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اللوز پہاڑ پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں سردی لی لہر ہے۔