فواد خان کی ویب سیریز ’برزخ‘ کا فرانس میں نمائش کے لیے انتخاب
ویب سیریز میں صنم سعید مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ فوٹو: انسٹا صنم سعید
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی پسندیدہ شخصیت فواد خان اور ورسٹائل اداکارہ صنم سعید کی ویب سیریز ’برزخ‘ فرانس کے مینیا فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے جو دراصل جنوبی ایشیا سے منتخب ہونے والی واحد پروڈکشن ہے۔
فلم ’مولا جٹ‘ کے ہیرو فواد خان کے ہمراہ اداکارہ صنم سعید بھی اس ویب سیریز میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔
اس ویب سیریز کی ہدایتکاری عاصم عباسی نے کی ہے جبکہ انڈین لکھاری شیلجا کیجریوال اس کی پروڈیوسر ہیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس ویب سیریز کو سٹوڈنٹ جیوری ایوارڈ اور آڈیئنس ایوارڈ کے لیے مختلف کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا ہے جس میں بہترین سیریز، بہترین ڈائریکٹر، بہترین اداکارہ اور بہترین اداکار شامل ہیں۔
’برزخ‘ میں فواد خان ایک ایسے والد کا کردار ادا کر رہے ہیں جو اکیلے اپنے بچے کی پرورش کر رہے ہیں۔
ہمیشہ کی طرح اس سیریز میں بھی فواد خان کی شخصیت انتہائی پرکشش دکھائی گئی ہے جبکہ صنم سعید ایک انتہائی ہمدرد خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
اس ویب سیریز کی شوٹنگ پاکستان کے خوبصورت ترین علاقوں میں شمار ہونے والی وادی ہنزہ میں کی گئی ہے۔
’برزخ‘ میں زندگی کے مختلف پہلوؤں اور ان میں اتار چڑھاؤ کو اجاگر کیا گیا ہے۔
اس کی کہانی محبت، کسی قریبی رشتے کو کھو دینے اور پھر بچھڑے ہوئے پیاروں سے ملاقات کے گرد گھومتی ہے۔
ہدایتکار عاصم عباسی کا کہنا ہے کہ ’برزخ‘ ایک فیملی ڈرامہ ہے جس کی کہانی کسی اپنے کو کھو دینے اور اس سے جڑے ہوئے خوف کے گرد گھومتی ہے۔
’مجھے یہ احساس ہوا کہ محبت تو ہمیشہ برقرار رہتی ہے اور اسی احساس نے مجھے کہانی لکھنے پر مجبور کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ فرانس میں نمائش کے لیے ’برزخ‘ کا انتخاب پوری ٹیم کے لیے انتہائی اہم ہے کہ اسے دنیا بھر کی بہترین پروڈکشن میں شامل کیا گیا ہے۔
پروڈیوسر شیلجا کیجریوال نے بتایا کہ اس سیریز کا آئیڈیا کورونا کے دنوں میں سامنے آیا جب پیار، زندگی اور محبت جیسے جذبات کا تصور عالمی وبا نے بدل کر رکھ دیا تھا۔
شیلجا کیجریوال کے مطابق یہ ویب سیریز دراصل ایک فیملی ری یونین کی کہانی ہے یعنی جسے طویل جدائی کے بعد دوبارہ ملنے کا موقع ملتا ہے۔