ملتان: تحریک انصاف کے رہنما ملک عامر ڈوگر کو رہا کرنے کا حکم
جمعرات 9 فروری 2023 16:19
الیکشن کمیشن آفس میں مبینہ ہنگامہ آرائی پر پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر کو گرفتار کیا تھا (فائل فوٹو: سکرین گریب)
عدالت نے ملتان میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر سمیت تمام رہنماؤں کو کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
جمعرات کو جوڈیشل مجسٹریٹ مرضیہ علی نے مقدمہ خارج کر کے ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیا۔
قبل ازیں پولیس نے گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
رہا ہونے والوں میں مسلم لیگ نواز کی رہنما شیخ طارق رشید بھی شامل ہیں۔
بدھ کو ملتان میں الیکشن کمیشن آفس میں مبینہ ہنگامہ آرائی پر پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر کو گرفتار کیا تھا۔
مسلم لیگ ن نے بھی دعویٰ کیا تھا ان کے مقامی رہنما رانا محمودالحسن کو بھی پولیس نے حراست میں لیا ہے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ ’ملتان میں کاغذات نامزدگی جمع کراتے ہوئے پی ٹی آئی اور ن لیگی کارکنوں میں جھگڑا ہوا اور الیکشن کمیشن آفس میں توڑ پھوڑ کے الزام میں کئی افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔‘
پولیس ترجمان ملتان کے مطابق الیکشن کمیشن آفس ملتان میں توڑ پھوڑ پرصوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے نوٹس لیا اورسی پی او ملتان کوکاروائی کی ہدایت کی جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئیں۔