پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے رواں سال ہونے والے آٹھویں سیزن سے قبل آفیشل اینتھم یعنی ایونٹ کا گانا ریلیز کر دیا گیا ہے۔
اس مرتبہ پی ایس ایل کے نغمے کا نام ’سب ستارے ہمارے‘ ہے جسے شائے گِل، عاصم اظہر اور فارس شفیع نے گایا ہے۔
مزید پڑھیں
گانے کے آغاز میں شائے گِل اپنے مخصوص انداز میں گاتی ہوئی نظر آتی ہیں جس کے بعد عاصم اظہر کا حصہ آتا ہے اور پھر ریپ سٹار فارس شفیع اپنے ریپ میوزک کے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
پی ایس ایل کا جب بھی نیا گانا آتا ہے، اس کا موازنہ لیگ کے پرانے گانوں بالخصوص گلوکار علی ظفر کے گانے ’دل سے جان لگا دے‘ اور ’اب کھیل جمے گا‘ سے ضرور کیا جاتا ہے۔
اس مرتبہ بھی انٹرنیٹ بالخصوص سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل کے نئے نغمے کے بعد شائقین کو علی ظفر کی یاد ستانے لگ پڑی۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں ہو رہا کہ پی ایس ایل کے گانے کی ٹرولنگ کی جا رہی ہو۔ اس سے قبل 2021 میں ہونے والے ایڈیشن میں پنجابی گلوکارہ نصیبو لعل نے جب ’گُرُوو میرا‘ گایا تھا تو ان پر بھی شدید تنقید کی گئی تھی۔
حسن زاہد نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’علی ظفر پیدا ہی پی ایس ایل کے گانوں کو گانے کے لیے ہوئے تھے۔‘
ثمرا نے بھی ایسا ہی تبصرہ کیا کہ ’نیا اینتھم اتنا برا نہیں ہے تاہم علی ظفر نے ہماری اُمیدیں بہت اونچی کر دی ہیں۔‘
احمد لکھتے ہیں کہ ’یار مانو یا نہ مانو لیکن علی ظفر نے اتنا عمدہ گا دیا ہے کہ اب کوئی اس لیول پر پہنچ ہی نہیں سکتا۔‘
کشف نے 2019 کے سیزن کے آفیشل گانے ’کھیل دیوانوں کا‘ کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کے بارے میں کوئی زیادہ بات نہیں کرتا اسے پی ایس ایل 8 کے لیے دوبارہ سے استعمال کرنا ہوگا۔‘
the most underrated anthem will be reused for PSL 8 pic.twitter.com/1uyhdhU8l8
— کشف (@kashafudduja_) February 11, 2023