Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ، ’ادھر تو میری جائیداد کا حصہ لکھا ہوا ہے‘

قذافی سٹیڈیم لاہور میں باکس کی ٹکٹ 10 لاکھ اور 12 لاکھ روپے ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
جمعے کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل کی جانب سے ٹویٹ میں اعلان کیا گیا ہے کہ شائقینِ کرکٹ 4 فروری کی صبح 11 بجے سے ٹکٹیں خرید سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ رواں برس کے پی ایس ایل ایڈیشن کے لیے شائقین سیزن پاس بھی حاصل کر سکیں گے۔

 

اس مرتبہ لیگ مُلک کے چار بڑے شہروں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی، تاہم اسی سلسلے میں ہر سٹیڈیم میں ٹکٹوں کی قیمت مختلف رکھی گئی ہے۔
اگر ٹکٹوں کی قیمت کو دیکھا جائے تو اس مرتبہ کے سیزن کے لیے اُس میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
راولپنڈی میں ہونے والے میچز میں ٹکٹوں کی کم سے کم قیمت 19 سو روپے ہے اور زیادہ سے زیادہ قیمت 15 ہزار روپے تک ہے۔
اسی طرح ملتان میں ہونے والے مرحلے میں سب سے کم قیمت جنرل کیٹیگری کے ٹکٹ کی ہے جو کہ 650 روپے میں فروخت ہوگا، جبکہ زیادہ سے زیادہ قیمت 18 ہزار روپے بھی ہے۔
اگر کراچی میں ہونے والے میچز کی بات کی جائے تو وہاں بھی ٹکٹ کی قیمت زیادہ رکھی گئی ہے۔
کراچی میں کھیلے جانے والے مرحلے میں سب سے سستا ٹکٹ 650 روپے کا ہو گا، جبکہ سب سے مہنگا ٹکٹ 15 ہزار روپے میں ملے گا۔ اس کے علاوہ شائقین کرکٹ باکس میں بھی میچ دیکھ سکتے ہیں جس کی کم سے کم قیمت 10 لاکھ روپے ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے سمیت نو میچز کھیلے جائیں گے جس میں سب سے سستے ٹکٹ کی قیمت 650 روپے ہے, جبکہ سب سے مہنگا ٹکٹ 22 ہزار روپے کا ملے گا۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم کی طرح قذافی سٹیڈیم لاہور میں بھی شائقین باکس کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جن کی قیمت 10 لاکھ اور 12 لاکھ روپے ہے۔
پی ایس ایل کی ٹکٹوں میں غیر معمولی اضافے پر شائقین بھی تشویش میں مبتلا نظر آ رہے ہیں۔
سید حسان اپنی ٹویٹ میں کہتے ہیں کہ ’یہ مہنگے ٹکٹ کون خریدے گا؟ ہم پہلے ہی بد ترین مہنگائی سے گزر رہے ہیں، سٹوڈنٹس کے پاس تو پریمئیم ٹکٹ خریدنے کی بھی  گنجائش نہیں ہے۔‘
مناہل نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’سوچ رہی تھی دوستوں کے ساتھ میچ دیکھنے جاؤں گی، ادھر تو میری جائیداد کا حصہ لکھا ہوا ہے۔‘
علی رضوی نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’ٹی وی پر دیکھنا ہی اب بہترین آپشن ہے۔‘
صبا شیخ نے تبصرہ کیا کہ ’بہت مہنگے ٹکٹ ہیں، اب خالی سٹیڈیمز کی امید رکھیں۔‘
طلحہ کہتے ہیں کہ ’پنڈی سٹیڈیم میں سب سے کم قیمت دو ہزار روپے ہے۔ اب پنڈی میں بھی خالی سٹیڈیم دیکھیں گے ٹی وی پر۔‘

 

شیئر: