Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کراچی کنگز کی پی ایس ایل ٹرافی میں دلچسپی نہیں،‘ لاہور میں ٹرافی کی رونمائی

پی ایس ایل کا پہلا میچ 13 فروری کو ملتان میں دفاعی چیمپیئنز لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ (فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی ہے۔
پی ایس ایل کی جانب سے اس ٹرافی کو ’سُپر نووا‘ کا نام دیا گیا ہے جس کے اوپر ایک ستارہ بھی لگایا گیا ہے۔
جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل کی جانب سے ٹرافی کی تصاویر شیئر کی گئیں۔
پی ایس ایل کی ٹرافی کی رونمائی کی تقریب لاہور کے تاریخی مقام شالیمار باغ میں کی گئی جس میں تمام فرنچائزز کے مالکان سمیت کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق رواں سیزن کی ٹرافی 24 قیراط سونے سے پاکستان میں ہی بنائی گئی ہے۔
’سپر نووا‘ ٹرافی نو ہزار سے زائد زرقون لگائے گئے ہیں جبکہ اس کے تین ستون ہیں جو کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے نصب العین اتحاد، جذبہ اور قوت کی عکاسی کرتے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کا پہلا میچ 13 فروری کو ملتان میں دفاعی چیمپیئنز لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
پی ایس ایل کی نئی ٹرافی کے بارے میں شائقین کرکٹ بھی ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔
صحافی قادر خواجہ نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’نجم سیٹھی صاحب کے ہوتے ہوئے پی ایس ایل میں کچھ نیا تو ہوگا نا۔‘
شہریار اعجاز نے ایک تصویر شیئر کی جس  میں تمام فرنچائزز کے نمائندوں کے ساتھ شعیب ملک اور شان مسعود بھی کھڑے ہیں لیکن کراچی کنگز کے شعیب ملک ٹرافی کی طرف دیکھ بھی نہیں رہے۔
ٹوئٹر صارف نے اس تصویر پر لکھا کہ ’کراچی کنگز کی دلچسپی پی ایس ایل کی ٹرافی میں بلکل نہیں۔ ملک ٹرافی کی طرف سے منہ موڑے کھڑے ہیں۔‘
سلیمان رضا نے لکھا کہ ’چمکتی ہوئی ٹرافی۔ بُرا نہ ،مانیے لیکن پی ایس ایل کی ٹرافی دیگر لیگز کے مقابلے میں زیادہ خوبصورت ہوتی ہے۔‘
پی ایس ایل کا پہلا میچ 13 فروری کو ملتان میں دفاعی چیمپیئنز لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

شیئر: