حالیہ صدی میں دنیا میں آنے والے 10 بڑے زلزلے کون سے تھے؟
حالیہ صدی میں دنیا میں آنے والے 10 بڑے زلزلے کون سے تھے؟
پیر 13 فروری 2023 16:39
انڈونیشیا میں دسمبر 2004 کو 9.1 ریکٹر سکیل کا زلزلہ آیا جس میں دو لاکھ 30 ہزار افراد ہلاک ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو آنے والا ہلاکت خیز زلزلہ اس صدی کا پانچواں خطرناک ترین زلزلہ ہے۔ فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی نے سنہ 2000 سے اب تک آنے والے 10 تباہ کن زلزلوں کا احاطہ کیا ہے۔
2004 انڈونیشیا
انڈونیشیا میں دسمبر 2004 کو ریکٹر سکیل پر 9.1 کی شدت کا کا زلزلہ آیا جس سے سونامی آیا اور دو لاکھ 30 ہزار افراد ہلاک ہوئے۔ سونامی کی لہریں 30 میٹر اونچی تھیں اور ان کی رفتار 700 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔
2010 ہیٹی
جنوری 2010 میں ہیٹی کے دارالحکومت پورٹ آو پرنس اور اردگرد کے علاقوں میں ریکٹر سکیل پر 7 کی شدت کا زلزلہ آیا۔ اس زلزلے نے 24 گھنٹے تک ملک کا باقی دنیا سے رابطہ کاٹ دیا۔
اس زلزلے میں دو لاکھ افراد ہلاک اور 15 لاکھ بے گھر ہو گئے۔ اسی برس اکتوبر میں ہیٹی میں ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی جس کے نتیجے میں 10 ہزا افراد ہلاک ہوئے۔
2008 سیچوان، چین
چین کے صوبے سیچوان میں مئی 2008 کو آنے والے 7.9 شدت کے زلزلے میں پانچ ہزار سے زائد سکول طلبا سمیت 87 ہزار افراد ہلاک ہوئے۔ اس زلزلے میں سات ہزار سکول منہدم ہوگئے جس کی وجہ کرپشن اور ناقص تعمیر بتائی گئی۔
2005 پاکستان
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور خیبر پختونخوا میں اکتوبر 2005 کو آنے والے زلزلے میں 73 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئیں، جبکہ 35 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے۔
2023 ترکیہ، شام
ترکیہ اور شام میں فروری 2023 کو 7.8 شدت کے زلزلے میں اب تک 35 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں اور مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
2003 بام، ایران
جنوب مشرقی ایران میں آنے والے زلزلے نے مٹی کی اینٹوں سے بنے قدیم شہر بام کو ملیا میٹ کر دیا اور کم از کم 31 ہزار افراد ہلاک ہوئے۔
2001 انڈیا
انڈین ریاست گجرات میں جنوری 2001 کو آنے والے 7.7 شدت کے زلزلے میں 20 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ زلزلے نے ریاست میں عمارتیں زمین بوس کر دیں، اور سب سے زیادہ ہلاکتیں بھوج قصبے میں ہوئیں جس کی سرحد پاکستان کے ساتھ ملتی ہے۔
2011 جاپان
مارچ 2011 میں جاپان میں 9 ریکٹر سکیل کا زلزلہ آیا جس سے سونامی پیدا ہوئی اور ساڑھے 18 ہزار کے قریب افراد لاپتہ اور ہلاک ہوئے۔
2015 نیپال
نیپال میں اپریل کے مہینے میں 7.8 شدت کے زلزلے میں نو ہزار افراد ہلاک ہوئے جس میں گھروں سمیت سکول اور ہسپتال زمین بوس ہو گئے۔
2006 جاوا، انڈونیشیا
انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں 6.3 شدت کے زلزلے میں چھ ہزار افراد ہلاک اور چار لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے۔