سعودی عرب میں رونالڈو اور جورجینا روڈریگز کا پہلا ویلنٹائنز ڈے
کرسٹیانو رونالڈو کا گذشتہ سال سعودی عرب کے فٹبال کلب الںصر سے معاہدہ ہوا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پرتگال کے میگا فٹ بال سٹار کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی پارٹنر جورجینا روڈریگز سعودی عرب میں پہلا ویلنٹائنز ڈے منا رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب میں موجود کرسٹیانو رونالڈو نے ویلنٹائنز ڈے کے موقع پر اپنی پارٹنر اور ارجنٹائن کی ماڈل جورجینا روڈریگز کے لیے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر محبت بھرا پیغام لکھا ہے۔
منگل کے روز رونالڈو نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں جورجینا کے ساتھ تصویر اپلوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے پیار کو ویلنٹائنز ڈے مبارک ہو۔ تمہیں اپنی زندگی میں پا کر میں بہت خوش ہوں۔‘
انسٹاگرام پر 54 کروڑ سے زائد فالورز رکھنے والے کرسٹیانو رونالڈو کا گذشتہ سال سعودی عرب کے فٹ بال کلب الںصر سے معاہدہ ہوا تھا جس کے بعد سے وہ مملکت میں مقیم ہیں۔
دونوں پارٹنرز کے مداحوں کی جانب سے امید کی جا رہی ہے کہ وہ سعودی عرب میں ایک رومانوی ویلنٹائنز ڈے منائیں گے۔
گذشتہ ماہ رونالڈو نے جورجینا کو اُن کی سالگرہ کے موقع پر دارالحکومت ریاض میں ایک سرپرائز ڈِنر دیا تھا۔ رونالڈو فیملی نے دی بولیوارڈ میں واقع آرمینیا کے ریستوران کا بھی دورہ کیا تھا۔
اس ڈِنر میں جورجینا نے پھولوں سے مزین تین منزلہ کیک کاٹا جس پر پرتگالی زبان میں ’سالگرہ مبارک‘ لکھا ہوا تھا۔
تقریب کے لیے نجی کمرے کو سفید غباروں، خوشبودار پھولوں اور گیس والے غباروں سے مزین کیا گیا تھا جبکہ اس کمرے کی جانب جانے والے راستے پر جورجینا کی تصاویر نصب کی گئی تھیں۔