پی ایس ایل: ملتان سلطانز نے یکطرفہ مقابلے میں کوئٹہ کو نو وکٹوں سے ہرا دیا
میچ کے لیے ملتان سلطانز کی پلیئنگ الیون میں دو تبدیلیاں کی گئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں بدھ کو ملتان سلطانز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو نو وکٹوں سے شکست دے دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے 111 رنز کے ہدف کو ملطان سلطانز نے 14 ویں اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کیا۔
سلطانز کی جانب سے ریلے روسو نے 42 گیندوں پر 72 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے۔
کپتان محمد رضوان نے 28 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔
ملتان کے آؤٹ ہونے والے واحد بیٹسمین شان مسعود تھے جس کو تھوشارا نے ایک رن کے انفرادی سکور پر پویلین بھیج دیا۔
قبل ازیں پہلے کھیلتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 19 ویں اوورز میں 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
کوئٹہ کی جانب سے جیسن رائے 27 اور محمد حسنین 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
ملتان میں کھیلے جانے والے میچ میں سلطانز نے ٹاس جیت کر گلیڈی ایٹرز کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے احسان اللہ نے پانچ اور عباس آفریدی اور سمین گل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیے۔
سلطانز کے فاسٹ بولر احسان اللہ نے تباہ کن بولنگ کی اور کوئٹہ کی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا کر رکھ دیے۔ احسان نے چار اوورز میں صرف 12 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
گلیڈی ایٹرز کو پہلا نقصان 10 کے مجموعی سکور پر اس وقت ہوا جب مارٹن گپٹل کیچ آؤٹ ہوئے۔
مارٹن گپٹل سمین گُل کی گیند پر مڈ آن پر سات رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
گلیڈی ایٹرز کی دوسری وکٹ 33 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب عبد البنگلزئی ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ بنگلزئی کو عباس آفریدی نے آؤٹ کیا۔
جیسن رائے 27 رنز بنا کر احسان اللہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کپتان سرفراز احمد صرف دو رنز بنا سکے جب کہ عمرا اکمل 11 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دونوں احسان اللہ کا شکار بنے۔
محمد نواز 14 اور نسیم شاہ ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نواز کو اسامہ میر نے آؤٹ کیا۔
محمد حسنین 22 رنز بنا کر سمین گل کا شکار بنے۔
میچ کے لیے ملتان سلطانز کی پلیئنگ الیون میں دو تبدیلیاں کی گئی۔
انگلی میں انجری کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہونے والے فاسٹ بولر شاہنواز دہانی کی جگہ عباس آفریدی جبکہ بیٹر عثمان خان کی جگہ جنوبی افریقہ کے بیٹر رائلی رُوسو ٹیم میں شامل کیے گئے۔