Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملتان سلطانز کے شاہنواز دہانی انجری کے باعث پی ایس ایل سے باہر

شاہنواز دہانی نے انجری کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ (فائل فوٹو: پی ایس ایل)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر شاہنواز دہانی انگلی میں انجری کے سبب میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر شاہنواز دہانی کے دائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی میں چوٹ لگی ہے جس کے باعث وہ دو ماہ کے لیے کرکٹ کھیلنے سے قاصر رہیں گے۔
دہانی کو رواں سیزن کے پہلے میچ میں تب انجری ہوئی جب لاہور قلندرز کے بیٹر سکندر رضا نے ان کی گیند پر سیدھا شاٹ کھیلا اور گیند فاسٹ بولر کے ہاتھ پر لگ گئی۔
میڈیکل سکین کے مطابق شاہنواز دہانی کے دائیں ہاتھ کی چھوٹی انگلی میں فریکچر آیا ہے جس کے بعد ان کی سرجری کی جائے گی۔
دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہنواز دہانی نے خود بھی انجری کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
اپنی ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’مجھے اپنی ٹیم ملتان سلطانز کو کچھ عرصے کے لیے چھوڑنے پر بہت دکھ ہے تاکہ میں اپنی چھوٹی انگلی کا آپریشن کروا سکوں اور جلد از جلد واپس آ سکوں۔ ٹیم کے لیے میری نیک تمنائیں ہیں۔ میں اپنے مداحوں سمیت سب کو بہت مِس کروں گا۔ یاد رکھیں دہانی جلد واپس آئے گا۔
ملتان سلطانز کے پاس دہانی کی عدم موجودگی میں انور علی کی صورت میں بولر موجود ہے جنہیں ٹیم بیک اپ کی صورت میں استعمال کر سکتی ہے۔
اس کے علاوہ فاسٹ بولر سمین گل اور احسان اللہ نے ملتان سلطانز کی جانب سے آٹھویں ایڈیشن کا پہلا میچ کھیلا تھا۔ جنوبی افریقی کھلاڑی وین پارنیل اور جوش لِٹل نے اب تک ٹیم کو جوائن نہیں کیا ہے۔

شیئر: