Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نیک بیٹا اور مشفق بھائی‘، سعودی خاندان پاکستانی شہری کی خدمات کا معترف

سعودی شہری ناصر سلیمان الجربوع کے خاندان نے اپنے زرعی فارم میں 45 برس تک کام کرنے والے پاکستانی شہری مقبول احمد محمد رمضان  کو الوداعیہ دیا۔ اس موقع پر خاندان کے تمام افراد نے شرکت کی۔
پاکستانی شہری کو یاد گاری شیلڈز اور تحائف دیے گئے۔ سعودی خاندان نے ان کی خدمات کو سراہا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الجربوع خاندان کے تمام افراد اس یادگار الوداعی تقریب میں شریک ہوئے اور مقبول احمد کے ساتھ اپنی بھولی بسری یادوں کا خوش دلی سے تذکرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مقبول احمد نے القصیم ریجن کے بریدہ شہر کے زرعی فارم  میں کاشت کار کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہیں خاندان میں ایک بھائی اور باپ کی حیثیت حاصل رہی۔ 45 برس کے دوران انہوں نے اپنے اعلٰی اخلاق کی شاندار مثال قائم کی۔ 
الجربوع خاندان کے ہر فرد نے مقبول احمد کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
خاندان کے سربراہ ناصر الجربوع نے بتایا کہ مقبول احمد 45 برس قبل زرعی فارم میں آئے تھے۔ اس وقت ان کی عمر 38 سال تھی۔ انہوں نے بریدہ کے زرعی فارم میں انتہائی اخلاص اور سنجیدگی سے کام کیا‘۔ 
’زرعی فارم میں آبپاشی، کاشت کاری، مویشیوں اورمرغیوں کی افزائش سمیت تمام کام خوش دلی سے انجام دیے۔ خاندان کے افراد کے لیے کھانا تیار کرتے اور خاندان کے بچوں کی دیکھ بھال بھی کرتے تھے۔‘

الجربوع خاندان کے ہر فرد نے مقبول احمد کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ (فوٹو: سبق)

ناصرالجربوع نے کہا کہ ’مقبول احمد ہمیشہ نرمی سے پیش آتے۔ وہ ہمارے خاندان کے نیک بیٹے، مشفق بھائی اور وفادار دوست رہے۔ اب جبکہ ان کی عمر 86 برس ہو چکی ہے وہ اپنے وطن واپس جا رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس پورے عرصے میں ہم نے ان کے اخلاص، ایثار اور حسن سلوک میں کبھی کوئی کمی نہیں پائی۔‘
خاندان کے ایک اور فرد ایوب راشدالرقیبہ نے کہا کہ ’جب مقبول احمد سعودی عرب آئے تھے تو میں پیدا ہی نہیں ہوا تھا۔ انہیں ہمیشہ خاندان کے فرد کے طور پر دیکھا۔‘
’الجربوع خاندان کے رشتے دار ویک اینڈ پر زرعی فارم میں جمع ہوتے تو وہ بھی ان کے ساتھ خاندان کے ممبر کی حیثیت سے شریک ہوتے تھے۔‘

شیئر: