سعودی خاندان نے غیرملکی کے اعزاز میں الوداعیہ دے کر محبت کی مثال قائم کر دی
سعودی خاندان نے غیرملکی کے اعزاز میں الوداعیہ دے کر محبت کی مثال قائم کر دی
بدھ 17 نومبر 2021 5:23
ایک بچے نے شیخ سعید کو گلدستہ پیش کیا- (فوٹو الاخباریہ)
الجوف ریجن کی القریات کمشنری کے ایک سعودی خاندان نے اپنے غیر ملکی انڈین ملازم کے اعزاز میں شاندار الوداعیہ دے کر غیرملکی کارکنان کے ساتھ اپنی محبت کی نئی مثال قائم کر دی-
الاخباریہ کے مطابق انڈین شہری شیخ سعید عالم دین تھے- وہ القریات کی ایک مسجد میں 38 برس سے امامت کے فرائض انجام دے رہے تھے- انہوں نے وطن واپس جانے کا فیصلہ کیا تو نہ صرف یہ کہ ان کے کفیل کے خاندان نے ان کے اعزاز میں الوداعیہ دیا بلکہ القریات کے باشندوں نے بھی ان کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا-
شیخ سعید نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ سعودی عرب کو کبھی فراموش نہ کر سکیں گے، سعوی عرب کی حیثیت وطن عزیز کی تھی، ہے اور رہے گی-
اس موقع پر القریات کے باشندوں نے شیخ سعید کو بے شمار یادگاری تحائف دیے-
الوداعیہ میں القریات کے بڑے خاندان بھی شریک ہوئے- ایک بچے نے شیخ سعید کو گلدستہ پیش کر کے اپنی محبت کا اظہار کیا-
صالح الخیران نامی سعودی شہری نے کہا کہ ’شیخ سعید نے ہماری مسجد کے منبر اور محراب کو 38 برس تک زندہ رکھا، سعودی عوام ان کے اس احسان کو کبھی نہیں بھولیں گے- ہم سب کارخیر کو جی جان سے پسند کرتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ ہر ایک اس میں سبقت حاصل کرے-‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں