اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایف نائن پارک میں لڑکی سے زیادتی کرنے والے دو ملزمان ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
جمعرات کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری پہلے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ڈی 12 میں پولیس کی جانب سے قائم ناکے پر دو موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے حملہ کر دیا تھا، جس کے بعد پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کی گئی۔‘
’فائرنگ کے نتیجے میں دونوں موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔‘
مزید پڑھیں
-
وہاڑی میں سکیورٹی گارڈ کی بس ہوسٹس کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتیNode ID: 740511
چند گھنٹے بعد پولیس کی جانب سے دوسرا بیان جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ ’دونوں ہلاک شدگان کی شناخت ہو گئی ہے اور دونوں ملزمان ایف نائن پارک میں لڑکی سے زیادتی کے وقوعہ میں بھی ملوث نکلے ہیں۔‘
پولیس کے مطابق ’ناکے پر ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان سٹریٹ کرائم سمیت سنگین جرائم کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ایک ملزم ڈکیتی کے دوران قتل میں اشتہاری تھا۔‘
اس سے قبل بدھ کی رات پولیس نے زیادتی کے واقعہ میں ملوث ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری کی تھی۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ ملزمان کا سراغ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے لگایا گیا۔
’فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے ملزمان ایک موٹر سائیکل پر سوار ہیں۔ فوٹیج کے مطابق ملزمان ایف نائن پارک کے گیٹ سے گزرتے نظر آئے ہیں۔ ملزمان واردات کے وقت مسلح تھے۔ ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔‘
ناکہ ڈی 12/ملزمان کی پولیس پر فائرنگ۔
مرنے والے حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی۔
دونوں ملزمان سٹریٹ کرائم سمیت سنگین جرائم کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ایک ملزم ڈکیتی کے دوران قتل میں اشتہاری تھا۔
دونوں ملزمان ایف نائن پارک میں لڑکی سے زیادتی کے وقوعہ میں بھی ملوث۔#ICTP #OPS
— Islamabad Police (@ICT_Police) February 16, 2023
ایف نائن پارک واقعہ
دو فروری کو اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں ایک لڑکی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ سامنے آیا تھا جس کے بعد عوام کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں اس سنگین جرم پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔
تھانہ مارگلہ کی پولیس نے بتایا تھا کہ واقعہ جمعرات دو فروری کو شام آٹھ بجے کے بعد پیش آیا جب متاثرہ لڑکی اپنے دوست کے ساتھ واک کے لیے گئی تھی۔ متاثرہ لڑکی نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا تھا کہ ایف نائن پارک میں دو مسلح افراد نے ان کو ڈرا دھمکا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق زیادتی کے بعد ان کے کپڑے دُور پھینکے گئے تاکہ وہ بھاگ نہ سکیں۔
ان کے مطابق مسلح افراد نے ان کو چیزیں واپس کیں اور کہا کہ ’کسی کو کچھ نہیں بتانا، اس وقت پارک نہ آیا کرو اور خود جنگل کی جانب بھاگ گئے۔‘
