’ہاک آئی‘ کی ہسپتال سے پہلی سیلفی، ’بری حالت میں ہوں‘
جیرمی رینر ایکشن فلم ’مشن امپوسبل‘ میں بھی کردار ادا کر چکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
ہالی وڈ سیریز مارول کی فلم ’اوینجرز‘ میں ’ہاک آئی‘ کا مشہور کردار ادا کرنے والے اداکار جیریمی رینر حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد اب ان کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔
جیرمی رینر نے ہسپتال کے بیڈ سے لی گئی اپنی سیلفی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی ہے۔
ہالی وڈ اداکار امریکی ریاست نیواڈا کے ہسپتال میں داخل ہیں جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نئے سال کی صبح جیرمی رینر برف صاف کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئے تھے۔
ہسپتال سے پوسٹ ہونے والی سیلفی میں جیرمی رینر کے چہرے پر زخم واضح ہیں جبکہ ان کے ناک سے آکسیجن ٹیوب بھی گزاری گئی ہے۔
جیرمی رینر نے اپنی سیلفی پوسٹ کرتے ہوئے شائقین کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی لکھا ’میں اس وقت بری حالت میں ہوں اور ٹائپ نہیں کر سکتا۔ لیکن آپ سب کے لیے بہت سارا پیار۔‘
اداکار کے منیجر اور ایک مقامی افسر نے حادثے کے بعد پیر کو بتایا تھا کہ جیرمی رینر کی حالت نازک لیکن مستحکم ہے۔
منیجر کے مطابق برف صاف کرتے ہوئے 51 سالہ جیرمی رینر ایک حادثے کا شکار ہو گئے تھے جس کے باعث ان کے سینے پر دباؤ پڑا اور باقی جسم پر بھی چوٹیں آئی ہیں۔
جیرمی رینر 2008 کی فلم ’دا ہرٹ لاکر‘ میں بہترین اداکاری کے لیے اکیڈمی ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئے تھے، بعد ازاں اسی فلم کو آسکر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔
فلم دا ہرٹ لاکر میں کامیابی کے بعد جیرمی رینر ایکشن فلم مشن امپوسبل کے علاوہ مارول سیریز کے مختلف پراجکٹس میں کردار ادا کر چکے ہیں۔