اسلام آباد ایئرپورٹ پر دو سیلف چیک اِن کیوسکس سے ’لمبی قطاروں میں کمی‘
کیوسکس سے مسافروں کا چیک ان وقت کم ہو گا۔ (فوٹو: سول ایوی ایشن)
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دو سیلف چیک اِن کیوسکس کی سروس فراہم کر دی گئی ہے۔
ترجمان سول ایوی ایشن کی جانب سے جمعے کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سیلف چیک اِن کیوسکس اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اندرون ملک پروازوں کے شعبے میں فراہم کی گئی ہیں۔‘
بیان کے مطابق ’کیوسکس کی سہولت پی آئی اے کے تعاون سے فعال کی گئی ہے۔‘
ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کیوسکس سے مسافروں کا چیک ان وقت کم ہو گا اور ایئرپورٹ کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔
سیلف چیک ان کیوسکس کی بدولت ایئرلائنز کے کاؤنٹرز پر لگی لمبی قطاروں میں کمی آئے گی۔
ترجمان سول ایوی ایشن نے کہا کہ دیگر ڈومیسٹک ایئرلائنز بھی مسافروں کو یہ سہولت استعمال کرنے کی ترغیب دے سکتی ہیں۔