Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد ایئرپورٹ سے بھی امارات کے لیے پروازیں شروع

جمعرات کو پشاور کے باچا خان ائر پورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت کے ساتھ ہی دبئی اور شارجہ کے لیے پروازوں کا آغاز ہو گیا تھا۔ (فوٹو: گلف نیوز)
 ریپڈ  پی سی آر ٹیسٹ لیبارٹریز کی تنصیب کے بعد اب اسلام آباد سے بھی متحدہ عرب امارات کے لیے پروازوں کا آغاز ہو گیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک اہلکار نے اردو نیوز کو بتایا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر بھی ریپڈ پی سی آرٹیسٹ کی سہولت کا آغاز ہو گیا ہے جس کے بعد اب یہاں سے شارجہ اور دبئی کے لیے پروازوں میں کوئی رکاوٹ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایمریٹس ایئرلائن کی پروازیں شروع ہو چکی ہیں جب کہ پی آئی اے اور فلائی دبئی کی پروازیں جلد شروع ہوگیں۔ 
انہوں نے بتایا کہ سنیچر کی شام تک کراچی اور لاہور میں بھی باقاعدہ لیبارٹریز کا آغاز کر دیا جائے گا جس کے بعد ملک کے تمام بڑے ہوائی اڈوں سے پروازیں شروع ہو جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں پی آئی اے اور ایئربلیو نے بھی ٹیسٹ لیبارٹریز کا انتظام شروع کر دیا ہے۔ اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے بتایا کہ 16 اگست سے لاہور ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی پروازیں شروع کر دی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد سے پی آئی اے کی پہلی پرواز سنیچر کو روانہ ہوگی۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق این سی او سی نے ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈاوں پر ریپڈ ٹیسٹ پی سی آرٹیسٹ کی سہولت کی فراہمی کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خط لکھا ہے۔
اس سے قبل ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان خاقان مرتضیٰ نے بدھ کو کہا تھا کہ ’متحدہ عرب امارات کے لیے مسافروں کو درپیش مسائل کا بخوبی احساس ہے، اور اس ضمن میں وزارت خارجہ سے رابطے میں ہیں جبکہ ریپڈ ٹیسٹ پی سی آرٹیسٹ کے لیے درکار مشینوں کی دستیابی میں چند دن کا وقت درکار ہے۔
جمعرات کو پشاور کے باچا خان ائر پورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت کے ساتھ ہی دبئی اور شارجہ کے لیے پروازوں کا آغاز ہو گیا تھا۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے  سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک ترجمان سعد بن ایوب نے بتایا تھا کہ ڈی جی سول ایوی ایشن کی درخواست پر پشاور ائرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر کی سہولت مناسب قیمت میں فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک ساڑھے چار سو مسافر ایمریٹس اور ائیر عریبیا کے زریعے شارجہ اور دبئی پہنچ چکے ہیں اور وہاں بھی ٹیسٹ نیگیٹو آئے ہیں اس طرح لیبارٹری کا نتیجہ سو فیصد آیا ہے .
انہوں نے کہا کہ شاہین لیبز اور خان لیبز نے متحدہ عرب امارات کی مطلوبہ صلاحیت کے ساتھ ٹیسٹوں کی سہولت کا آغاز کر دیا ہے۔ مسافروں کے جانے سے چار گھنٹے قبل ان کا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے

شیئر: