عمران خان کا بدھ کو لاہور سے ’جیل بھرو تحریک‘ شروع کرنے کا اعلان
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے بدھ کو جیل بھرو تحریک کے آغاز کا اعلان کر دیا۔
عمران خان نے جمعے کو لاہور سے اپنے ویڈیو خطاب کے دوران بتایا کہ ’ہم 22 فروری کو لاہور سے جیل بھرو تحریک کا آغاز کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس کے اگلے روز ملک کے تمام بڑے بڑے شہروں میں یہ تحریک چلائیں گے۔‘
قبل ازیں بدھ کو اپنی گرفتاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ ’جیل بھرو تحریک پر حکمت عملی اگلے 48 گھنٹوں میں سامنے آجائے گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’جب گرفتاریاں شروع ہوں گی تو میں بھی گرفتاری دے دوں گا۔ جب ملک میں آئین کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو عدالتوں کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہوتا۔‘
خیال رہے کہ عمران خان نے چند دن پہلے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے انتخابات 90 روز کے اندر نہ کرانے کی صورت میں جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔