سعودی عرب اور جرمنی کا یوکرینی بحران اور ایران کے ایٹمی پروگرام پر تبادلہ خیال
سعودی عرب اور جرمنی کا یوکرینی بحران اور ایران کے ایٹمی پروگرام پر تبادلہ خیال
جمعہ 17 فروری 2023 23:18
وزرائے خارجہ ملاقات میں تعلقات مزید مستحکم بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعے کو میونخ سیکیورٹی کانفرنس کے دوران جرمن وزیر خارجہ اینا لینا بیریوک سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور جرمنی کے مضبوط تعلقات اور تمام شعبوں میں انہیں مزید مستحکم بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے یکجہتی کے فروغ کے طریقوں خصوصا سیاسی سیکیورٹی اور اقتصادی شعبوں میں ہم آہنگی کی اہمیت پر بھی بات چیت کی۔
روس، یوکرین بحران سے متعلق نقطہ ہائے نظر اور بحران کے سیاسی حل کے لیے کی جانے والی کوششیں زیر بحث آئیں تاکہ عالمی امن و سلامتی قائم ہو سکے۔
فریقین نے ایران کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے تازہ صورتحال اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔
سعودی اور جرمن وزرائے خارجہ نے علاقائی و بین الاقوامی حالات سمیت متعدد ایشوز پر بات چیت کی۔ خطے اور دنیا بھر میں دونوں دوست ملکوں کی جانب سے امن کی جڑیں گہری کرنے کے لیے کوششوں کاخاص طور پر جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔