سعودی وزیر خارجہ کی یورپی سیاسی و سلامتی کمیٹی کی چیئرپرسن ملاقات
سعودی وزیر خارجہ کی یورپی سیاسی و سلامتی کمیٹی کی چیئرپرسن ملاقات
منگل 14 فروری 2023 18:17
یوکرینی بحران کے سیاسی حل کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لیا گیا( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے یورپی یونین میں سیاسی و سلامتی کمیٹی کی چیئرپرسن ڈولفن برانک اور کمیٹی کے ارکان سے منگل کو یونین کے ہیڈکوارٹر برسلز میں ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب اور یورپی یونین کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات اور متعدد شعبوں میں ہم آہنگی اور تعاون کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
علاوہ ازیں علاقائی و بین الاقوامی تنازعات کے حل میں سعودی عرب اور یورپی یونین کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
ملاقات میں روس، یوکرین بحران کے سیاسی حل کے لیے جاری بین الاقوامی کوششوں کے حوالے سے سعودی عرب کے کردار پر بات چیت کی گئی اور بتایا گیا کہ سعودی عرب روس یوکرین بحران کے سیاسی حل کی ہر بین الاقوامی کوشش کے ساتھ ہے۔
بحران سے پیدا ہونے والے انسانی مسائل کا دباؤ کم کرنے اور تمام فریقوں کے درمیان ثالثی کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ایران کے ایٹمی پروگرام اوراس حوالے سے بین الاقوامی مذاکرات کی تازہ صورتحال بھی زیر بحث آئی ۔
علاوہ ازیں علاقائی و بین الاقوامی حالات اور مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی بات چیت کی گئی۔عالمی امن و سلامتی کے فروغ کا مسئلہ سرفہرست رہا۔
اس موقع پر یورپی یونین میں تعینات سعودی سفیر سعد العریفی اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود بھی موجود تھے۔