عسیر ریجن میں معدنیات کی تلاش کے لیے جیوفزیکل سروے کا آغاز
یہ سعودی جیولوجیکل سروے کے ریجنل سروے پروگرام کا حصہ ہے ( فوٹو :عرب نیوز)
جیولوجیکل سروے بورڈ کے ترجمان طارق ابا الخیل نے کہا ہے کہ’ عسیر ریجن میں معدنیات کے ذخائر دریافت کرنے کے لیے جیوفزیکل سروے کا آغاز کیا گیا ہے‘۔
فضائی جیولوجیکل سروے پروجیکٹ سعودی جیولوجیکل سروے کے ریجنل سروے پروگرام کا حصہ ہے۔
عرب نیوز اور المدینہ اخبار کے مطابق سروے میں سعودی جیولوجیکل سروے بورڈ اورعسیر ریجن میں لاجسٹک خدمات کا ادارہ (ندلب) اور نیشنل انڈسٹری ڈیولپمنٹ پروگرام شامل ہیں۔
گورنرعسیر شہزادہ ترکی بن طلال بن عبدالعزیز سروے پروگرام کی براہ راست نگرانی اورسرپرستی کررہے ہیں۔
طارق ابا الخیل کا کہنا ہے کہ’ اس اہم منصوبے کے دوررس نتائج مرتب ہوں گے۔ اس کے ذریعے پورے علاقے میں معدنیات کے ذخائرکے حوالے سے ڈیٹا تیار ہوگا اور سرمایہ کاری ہوگی‘۔
’ قومی معیشت کو فروغ ملے گا اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کی تکمیل کے ذریعے آمدنی کے ذرائع میں تنوع پیدا ہوگا‘۔
جیولوجیکل سروے بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’یہ منصوبہ قومی صنعتی ترقی اور لاجسٹکس پروگرارم کے اقدامات میں سے ایک ہے۔ اس کا مقصد ارضیاتی ڈیٹا جمع کرکے کان کنی کے شعبے کو ترقی دینا ہے‘۔
’یہ ڈیٹا کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری لانے کےلیے ایک بنیاد کا بھی کام کرے گا جو سعوددی وژن 2030 کے بڑے اہداف میں سے ایک ہے‘۔