Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات اور پاکستان کی مشترکہ قونصلر کمیٹی کا پہلا اجلاس

مشترکہ قونصلر امور میں تعاون بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا ہے( فوٹو: وام)
 متحدہ عرب امارات اور پاکستان نے منگل کو ابوظبی میں دونوں ممالک کے شہریوں کو قونصلر معاونت اور خدمات کی فراہمی کے لیے تعاون کو بڑھانے اور انہیں مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ قونصلر کمیٹی کے پہلے اجلاس کا انعقاد کیا ہے۔
 امارات کی جانب سے وزارت خارجہ اور بین الاقوامی تعاون میں قونصلر امور کے اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری فیصل عیسی لطفی جبکہ پاکستان کی وزارت خارجہ میں مشرق وسطیٰ ریجن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر رضوان احمد شیخ نے اجلاس کی صدارت کی۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان متعدد مشترکہ قونصلر امور میں تعاون بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
فیصل عیسیٰ لطفی نے قونصلر کے شعبے میں تعاون کی اہمیت اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور انہیں مضبوط بنانے پر زوردیا۔

دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر زوردیا گیا( فوٹو: وام)

انہوں نے دوطرفہ قونصلر تعلقات کے حوالے سے مثبت پیش رفت، نمایاں قونصلر خدمات کی فراہمی اور شہریوں کے ٹریول کو آسان بنانے کے لیے کوششوں کو سراہا۔
پاکستانی وزارت خارجہ میں مشرق وسطیٰ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر رضوان احمد شیخ نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر امارات کی قائدانہ حیثیت اور مختلف سطحوں پر اس کے اہم کردار کی تعریف کی اور تمام شعبوں میں قونصلر تعاون کے فریم ورک کو مضبوط بنانے میں کمیٹی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیصل لطفی کا کہنا تھا کہ ’مارات اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط اور ٹھوس تعلقات تاریخ کےساتھ  مشترکہ مفادات پر بھی مبنی ہیں‘۔
رضوان احمد شیخ نے گزشتہ برسوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات بالخصوص قونصلر تعاون کے شعبے میں ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس شعبے میں امارات کے ساتھ تعاون اور مہارت کا تبادلہ کرنے اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

شیئر: