امارات میں وزٹ ویزے میں 90 دن تک آن لائن توسیع کرائی جا سکے گی
وفاقی ادارے نے ویزے میں توسیع کے حوالے سے ترمیم جاری کی ہے( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں قومی شناخت، شہریت، کسٹم اور پورٹس سکیورٹی کے وفاقی ادارے نے رشتہ داروں کے وزٹ ویزوں میں توسیع کے حوالے سے ترمیم جاری کی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق نئی ترمیم کے تحت رشتہ دار یا دوست کے وزٹ ویزے میں 90 دن تک توسیع ہو سکتی ہے۔ یہ ویزا ملٹی پل یا سنگل انٹری کے لیے ہو۔
وزٹ ویزے میں 30، 60 اور90 دن تک کی توسیع وفاقی ادارے کے ماتحت سمارٹ چینل کے ذریعے افراد اکاؤنٹ سے ہو سکتی ہے۔
وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ 90 روزہ ویزا ہولڈرز کے ویزے میں ایک بار 30 دن کی توسیع کی اجازت دی گئی ہے۔ اگر اقامے کی میعاد چھ ماہ سے زیادہ کی ہو تو ایسی صورت میں اقامے کی تجدید کی درخواست نہیں دی جا سکتی۔
نئی ترمیم کے تحت جی سی سی ممالک کے شہریوں کے اکاؤنٹ میں اماراتی آئی ڈی کے بغیر ویزا ڈیٹا کی منسوخی یا ترمیم کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے وفاقی ادارے نے 15 سہولتیں فراہم کی ہیں۔ ادارہ نئے حالات میں سامنے آنے والی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ترامیم کر رہا ہے۔