Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا اور امارات کا دس برس کے لیے کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے پر غور

دونوں ملکوں نے 2022 کے دوران 180 ارب درہم کا کاروبار کیا ہے( فوٹو: روئٹرز)
متحدہ عرب امارات کے وزیر اقتصاد عبداللہ بن طوق المری نے کہا ہے کہ ’انڈیا اور امارات کے درمیان دس برس کے لیے کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے کا منصوبہ ہے‘۔
 نئی دہلی میں ورلڈ بزنس سمٹ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ’ مختلف تجارتی واقتصادی شعبوں میں امارات اور انڈیا کے درمیان تعلقات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ دونوں ملکوں کے تعلقات تاریخی اور مستحکم ہیں‘۔ 
امارات الیوم کے مطابق وزیر اقتصاد  کا کہنا تھا کہ ’نئی دہلی میں ورلڈ بزنس سمٹ انڈیا اور امارات کے درمیان جامع اقتصادی معاہدے پر ایک برس گزرنے کے موقع پر ہورہی ہے‘۔ 
انہوں نے بتایا کہ ’یہ معاہدہ دونوں ملکوں کی مارکیٹوں کو مکمل اقتصادی شراکت کے بڑے مواقع فراہم کیے ہوئے ہے۔ ان میں دونوں ملکوں کے درمیان 80 فیصد سے زیادہ کسٹم ڈیوٹی کی منسوخی شامل ہے۔ دس برس کے دوران دس ہزار اشیا پر کسٹم ڈیوٹی مکمل ختم کرنے کا ارادہ ہے‘۔ 
عبداللہ بن طوق المری نے کہا کہ’ معاہدے سے دونوں ملکوں نے 2022 کے دوران 180 ارب درہم کا کاروبار کیا۔ اس میں پٹرول شامل نہیں ہے۔ 2021 کے مقابلے میں دس فیصد زیادہ کاروبار ہوا ہے۔  امارات اس وقت انڈیا کا تیسرا بڑا بین الاقوامی کاروباری شریک ہے‘۔ 
اماراتی وزیر نے مزید کہا کہ’ آئندہ مرحلے کے دوران امارات انڈیا میں سرمایہ کاری بڑھانا چاہتا ہے۔ امارات کے ریاستی فنڈز نے تجدد پذیر توانائی، مواصلات اور بنادی ڈھانچے کے شعبوں میں 10 ارب ڈالر کا سرمایہ لگایا ہے‘۔
علاوہ ازیں انڈیا امارات میں سرمایہ کاری بڑھا رہا ہے۔ انڈیا کی گیارہ ہزار نئی کمپنیوں نے 2022  میں امارات میں اندراج کرایا جس سے انڈین کمپنیوں کی تعداد  83 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔

شیئر: