شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کو یوم تاسیس پر عرب ملکوں اور عالمی رہنماوں کی مبارکباد
سعودی قیادت کو عرب اور عالمی رہنماوں نے تہنیتی پیغامات ارسال کیے ہیں ( فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو عرب اور دوست ممالک کے فرمانرواؤں،ِ قائدین، صدور اور وزرائے اعظم نے یوم تاسیس (فاؤنڈیشن ڈے) کی مبارکباد دی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نےشاہ سلمان بن عبدالعزیز کے نام تہنیتی پیغام ارسال کیا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے زندگی کے مختلف شعبوں میں شاندار تمدنی و ترقیاتی کارناموں کی ستائش کی اور کہا کہ ’مملکت نے اپنی انہی کامیابیوں کی بدولت عالمی برادری میں غیر معمولی مقام بنالیا ہے‘۔
امیر کویت نے دونوں ملکوں کے حکمراں خاندانوں کے برادرانہ تعلقات اور برسہا برس سے جاری پائیدار رشتوں پر فخر کا اظہار کیا۔
کویتی ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے بھی مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ’ مملکت اعلی قیادت کے سائے میں ترقی و خوشحالی کا سفر منطقی انجام تک پہنچے گا‘۔
بحرینی فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے اپنے پیغام میں مملکت کی ترقی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے بڑھتے تعلقات کو سراہا ہے اور مستقبل کے حوالےسے امید ظاہر کی کہ ’دوطرفہ تعلقات عروج کی نئی منزلوں تک پہنچیں‘۔
بحرینی ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے بھی تہنیتی پیغام ارسال کیا ہے۔
اماراتی خبررساں ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے نام تہنیتی پیغامات ارسال کیے ہیں۔
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، نائب امیر قطر شیخ عبداللہ بن حمد آل ثانی اور قطری وزیراعظم شیخ خالد بن خلیفہ بن عبدالعزیز آل ثانی نے بھی تہنیتی پیغامات بھیے ہیں۔
سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ھیثم بن طارق نے یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ’ سعودی عرب مزید ترقی و خوشحالی کا سفر طے کرتا رہے‘۔
اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ الثانی نے تہنیتی پیغام میں کہا کہ’ وہ اپنی اور اردنبی عوام و حکومت کی جانب سے یوم تاسیس پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ہمارے برادرانہ جذبات اور نیک خواہشات آپ کے لیے ہیں‘۔
مراکش کے فرمانروا شاہ محمد السادس نے شاہ سلمان بن عبد العزیز،ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کو بھی یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کی۔
تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے تہنیتی پیغام میں زندگی کے تمام شعبوں میں ہونے والی ترقی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب نے اپنے قیام کے روز اول سے آج تک شاندار کارکردگی کی بدولت عالمی سطح پر بلند مقام حاصل کررکھا ہے‘۔
انہوں نے کہاکہ’ تاجکستان دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ سعودی عرب ہمارا اہم شریک اور معتبر دوست ہے‘۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم البدیوی نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ دن سعودی عرب کے کارناموں سے جڑا ہے اور اپنے اندر مختلف قسم کے تاریخی پیغامات رکھتا ہے‘۔
عرب پارلیمنٹ کے سربراہ عادل العسومی نے بھی شاہ سلمان اور ولی عہد کو یوم تاسیس کی مبارکباد دی۔
مملکت میں متعین فرانسیسی سفیر نے الدرعیہ سٹی سے ٹوئٹر کے اکاؤنٹ پر وڈیو کلپ شیئر کیا جس میں انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ فرانس کے دوستانہ تعلقات کے استحکام پر خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس کے موقع پر سعودی بھائیوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ’فرانسیسی سعودی دوستی زندہ باد‘۔